وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سیاسی بیان بازی کے بجائے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر توجہ دینی چاہیے، محمد ہمایوں خان

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سیاسی بیان بازی کے بجائے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر توجہ دینی چاہیے

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سیاسی بیان بازی کے بجائے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر توجہ دینی چاہیے۔جمعرات کو پیپلز میڈیا سیل سے جاری بیان میں محمد ہمایوں خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی اور بدامنی کی لپیٹ میں ہے، صوبائی حکومت عوام کو تحفظ دینے کی اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے۔انہوں نے کہا کہ صوابی سمیت خیبرپختونخوا کے عوام امن چاہتے ہیں۔یہ سیاسی مارچ اور محاذ آرائی مسائل کا حل نہیں۔ وزیراعلیٰ لانگ مارچ کی قیادت کے بجائے دہشتگردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ وفاقی نمائندوں اور آئینی عہدوں کے خلاف غیر ذمہ دارانہ زبان سیاسی بلوغت نہیں، انتشار کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا کے آئینی کردار پر سوال اٹھانے سے پہلے وزیراعلیٰ کو آئین اور جمہوری اداروں کا احترام ملحوظ رکھنا چاہیے۔خیبرپختونخوا کے عوام کو دھمکیوں، نعروں اور سیاسی تصادم نہیں بلکہ امن، روزگار، تعلیم اور بہتر حکمرانی درکار ہے۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا جواب الزام تراشی نہیں، دلیل، آئین، پارلیمان اور سنجیدہ سیاسی مکالمہ ہے ، اپنی حکومتی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے تاریخ کو متنازع سیاسی بیانیے کے طور پر استعمال کرنا قابلِ افسوس ہے۔ پاکستان کی تاریخ قربانیوں، آئینی جدوجہد اور جمہوری عمل کی تاریخ ہے، اسے سیاسی مفادات کے لیے مسخ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کی مضبوطی، جمہوریت اور قومی یکجہتی کی سیاست کی ہے، تقسیم اور نفرت کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔محمد ہمایوں خان نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کا سیاسی و آئینی انداز میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔