اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزارتِ داخلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے ملاقات کی
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی وزارتِ داخلہ آمد، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اہم ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزارتِ داخلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے ملاقات کی۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال اور اقوام متحدہ کے امن مشنز سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت افغانستان میں 25 دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں جو دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے دنیا کو مشترکہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا، جہاں پاکستان پولیس کے افسران و اہلکار بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جبکہ پاکستان نے امن کی بحالی کے لیے اب تک 181 جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی بھرپور مدد پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ بھی ادا کیا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی شرکت ہمیشہ نمایاں اور قابلِ ستائش رہی ہے، اور دنیا کے امن کے لیے پاکستان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔







