فیصل آباد چیمبربزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھے گا،عارف احسان ملک

بزنس کمیونٹی معیشت میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری چھوٹے بڑے تاجر اور صنعتکار سے قطع نظر بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھے گا۔

فیصل آباد۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):بزنس کمیونٹی معیشت میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری چھوٹے بڑے تاجر اور صنعتکار سے قطع نظر بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھے گا۔ یہ بات صدر عارف احسان ملک نے امین بٹ چیئرمین انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کی قیادت میں مبارکبادکیلئے آنے والے تاجروں کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے تاجروں کی اہمیت کو سراہا اور کہا کہ ملوں میں تیار ہونے والی تمام مصنوعات تاجروں کے ذریعے ہی فروخت ہوتی ہیں اس لئے اُن کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی میں بھی ان کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو چیمبر کے پلیٹ فارم پر متحد ہو کے کام کرنا ہوگا اور کوئی وجہ نہیں کوئی بھی حکومت یا ادارہ اُن کے اجتماعی مسائل کو نظر انداز کر سکے۔ عارف احسان ملک نے کہا کہ شہر میں خوبصورتی کی وجہ سے اندرون شہر گاہکوں کی رسائی میں مشکلات ہیں وہ تاجروں سے مل کر پارکنگ سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے چیمبر کی طرف سے سینئر نائب صدر میاں محمد سعید کو ایسوسی ایٹ کلاس کیلئے فوکل پرسن نامزد کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ آپ بھی اپنا فوکل پرسن دیں تاکہ چیمبر اور انجمن تاجران مل کر مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھ سکیں۔ نیشنل گروپ کے سربراہ میاں محمد ادریس نے کہا کہ چیمبر بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے اور ہم سب کو اس پلیٹ فارم سے مل کر جدوجہد کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے پولیس، پاسپورٹ، نادرا، سمیڈا اور TDAP سمیت کئی دوسرے اداروں کے ڈیسک قائم ہیں جبکہ بہت جلد ان میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر چھوٹا بڑا نہیں ہوتا ، سب کو عزت ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف تنظیموں کے باہمی اختلافات ہوتے ہیں مگر وہ سب چیمبر کے پلیٹ فارم پر ایک ہیں۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ چیمبر کی اجتماعی طاقت میں اضافہ کیلئے مزید تاجروں کو چیمبر کا ممبر بنائیں۔ امین بٹ نے نومنتخب صدر اور سینئر نائب صدر میاں محمد سعید کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ تاجروں کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اُن کی تنظیم کو بھی نمائندگی دی جائے۔