پاکستان کے سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں ملکی تشخص، ثقافتی ورثے اور معاشی ترقی کو اجاگر کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، مصباح کھر

چیئرمین سینیٹ کی بین الپارلیمانی امور کی مشیر اور انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی سفیر مصباح کھر نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں ملکی تشخص، ثقافتی ورثے اور معاشی ترقی کو اجاگر کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے

راولپنڈی۔8اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ کی بین الپارلیمانی امور کی مشیر اور انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی سفیر مصباح کھر نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں ملکی تشخص، ثقافتی ورثے اور معاشی ترقی کو اجاگر کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ پیشہ وارانہ تربیت یافتہ نوجوان دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی، پُرامن اور مہمان نواز چہرہ پیش کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔وہ رائل مینشن ہال، سیدپور روڈ راولپنڈی میں ٹی ڈی سی پی۔انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کی کانووکیشن تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کامیاب گریجویٹس، ان کے والدین، اساتذہ اور ادارے کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق مصباح کھر نے کہا کہ سیاحت اور مہمان نوازی محض کاروباری شعبے نہیں بلکہ ثقافتی تبادلے، امن، عوامی روابط اور قومی ترقی کے مؤثر ذرائع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میزبانی انسانی سفارتکاری کی خالص ترین شکل ہے اور ہر پاکستانی جو کسی غیر ملکی مہمان کا خیرمقدم کرتا ہے وہ دراصل پاکستان کا سفیر بن جاتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے خوبصورت قدرتی مناظر، تاریخی ورثے اور صدیوں پر محیط روایتی مہمان نوازی کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام ہیں، پیشہ وارانہ تربیت یافتہ نوجوان اپنی صلاحیتوں، حسنِ اخلاق اور بہترین خدمات کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر سکتے ہیں۔گریجویٹس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لئے فنی مہارت کے ساتھ ہمدردی، برداشت، لچک، دیانتداری اور بہترین رویہ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اعتماد کے ساتھ عملی زندگی میں قدم رکھیں، مسلسل اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں اور پاکستان کی نمائندگی وقار اور ذمہ داری کے ساتھ کریں۔مصباح کھر نے ٹی ڈی سی پی-آئی ٹی ایچ ایم اور اس کے اساتذہ کی نوجوانوں کو معیاری پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہا اور کلاس آف 2026ء کے گریجویٹس کے لئے کامیابی، خوشی اور روشن مستقبل کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔