نجی تعلیمی ادارے معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ابرار احمد خان

آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نارتھ پنجاب و اسلام آباد کے صدر ابرار احمد خان نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے جبکہ نجی تعلیمی ادارے ملک کے نظامِ تعلیم میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے لاکھوں طلبہ کو معیاری تعلیم اور جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نارتھ پنجاب و اسلام آباد کے صدر ابرار احمد خان نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے جبکہ نجی تعلیمی ادارے ملک کے نظامِ تعلیم میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے لاکھوں طلبہ کو معیاری تعلیم اور جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ نجی شعبے کی تعلیمی خدمات کو مزید مستحکم بنا کر نوجوان نسل کو جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری صلاحیتوں سے آراستہ کیا جا سکتا ہے۔ نجی تعلیمی ادارے صرف نصابی تعلیم تک محدود نہیں بلکہ طلبہ کی کردار سازی، اخلاقی تربیت، تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی کے لیے بھی موثر اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا نظامِ تعلیم وقت کی ضرورت ہے جو صرف ڈگریاں دینے کی بجائے طلبہ کو عملی زندگی کے چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کرنے کے قابل بنائے۔ اس مقصد کے لیے تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ طلبہ کی عملی، اخلاقی اور فکری تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی نظامِ تعلیم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے اساتذہ کی تربیت، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور انہیں سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔ نجی تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی اور ان کے جائز مسائل کے حل سے شعبہ تعلیم میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط اور موثر رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مشترکہ کوششوں کے ذریعے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، مزید بچوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور ملک کی شرحِ خواندگی میں اضافہ کرنے کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل آج کے طلبہ سے وابستہ ہے، انہیں معیاری تعلیم، جدید علوم اور موثر تربیت فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نجی تعلیمی ادارے قومی ترقی کے سفر میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔