وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کی فراہمی، منڈیوں میں آمد، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور بلاجواز قیمتوں میں اضافے کی موثر نگرانی یقینی بنائی جائے
وفاقی وزیر احسن اقبال کی تھوک اور پرچون قیمتوں میں فرق کی موثر نگرانی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کی فراہمی، منڈیوں میں آمد، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور بلاجواز قیمتوں میں اضافے کی موثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے یہ ہدایات نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ماہانہ اور ہفتہ وار مہنگائی کی صورتحال، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، تھوک اور پرچون قیمتوں میں فرق اور گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ستمبر 2026ء میں سی پی آئی افراط زر سالانہ بنیادوں پر 10.3 فیصد رہا جو اگست میں 11.1فیصد تھا جبکہ جولائی تا ستمبر مالی سال 2026-27 کے دوران اوسط افراط زر 10.2فیصد رہا۔ ڈبلیو پی آئی افراط زر سالانہ بنیادوں پر بڑھ کر 13.3فیصد ہو گیا جبکہ یکم اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے ہفتہ وار ایس پی آئی میں سالانہ بنیادوں پر 11.53فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سالانہ بنیادوں پر سب سے زیادہ اضافہ پیاز، ایل پی جی، بجلی، ڈیزل، پٹرول اور آٹے میں ریکارڈ کیا گیا جبکہ مرغی، لہسن، چنے کی دال اور ایل پی جی میں ہفتہ وار بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سالانہ بنیاد پر پیاز، ایل پی جی، بجلی، ڈیزل، پٹرول اور گندم کے آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر مرغی، لہسن، چنے کی دال اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے گندم کے آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔احسن اقبال نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ موجودہ ٹرانسپورٹ کرایوں کا گزشتہ مرتبہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مقرر کیے گئے کرایوں سے تقابلی جائزہ لیا جائے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حالیہ ایندھن قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں غیر متناسب اضافہ تو نہیں کیا گیا۔انہوں نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو ہدایت کی کہ عالمی منڈی میں ڈی اے پی کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں اس کی قیمتیں بلند رہنے کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ مقامی صارفین اور کسانوں تک پہنچنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے گھی، خوردنی تیل اور دودھ کی مصنوعات کے معائنہ اور معیار کی جانچ کی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر متعلقہ صنعت نے معیار کی جانچ کے لیے تیسرے فریق سے تصدیق کرانے کی تجویز دی ہے تو اس کی لاگت حکومت نہیں بلکہ متعلقہ صنعت کو برداشت کرنی چاہیے۔احسن اقبال نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ تھوک اور پرچون قیمتوں کی قریبی نگرانی کی جائے اور جہاں قیمتوں میں بلاجواز فرق موجود ہو وہاں فوری کارروائی کی جائے، خصوصاً لاہور اور کراچی جیسی بڑی منڈیوں میں قیمتوں کے فرق پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے سپلائی چین اور اشیاء کی ترسیل کے اخراجات کی بھی موثر نگرانی کی ہدایت کی تاکہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا غیر متناسب بوجھ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر منتقل نہ ہو۔وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور زائد قیمت وصول کرنے کے خلاف اقدامات مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے آٹا، پیاز اور دیگر جلد خراب ہونے والی اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے اوگرا کو بھی ہدایت کی کہ ایل پی جی سلنڈروں کے مقررہ نرخوں اور مارکیٹ میں رائج قیمتوں کے درمیان فرق کم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔








