سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی جاری ہے ، ترجمان وزارت مذہبی امور

سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی جاری ہے ، ترجمان وزارت مذہبی امور

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی جاری ہے اور اب تک 39 ہزار 200 عازمین حج دوسری قسط جمع کرا چکے ہیں۔ جمعرات کو ترجمان مذہبی امور کے مطابق 19 ہزار 590 عازمین نے ون لنک کے ذریعے، 16 سو افراد نے بینک کارڈ کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کی، 18 ہزار عازمین نے مینول بینک چالان کا انتخاب کیا۔ ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کا تناسب 54 فیصد ہے جبکہ دوسری قسط کی مد میں اب تک 25 ارب روپے موصول ہو چکے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ دوسری قسط جمع کرانے کی حتمی تاریخ 20 اکتوبر 2026 مقرر ہے۔ عازمین حج نیشنل آئی ٹی بورڈ کے ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے ون لنک، بینک کارڈ یا مینول بینک چالان کے ذریعے ادائیگی مکمل کر سکتے ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ ادائیگی سے قبل حج پورٹل پر موجود میڈیکل فٹنس فارم کا پرنٹ لے کر میڈیکل ڈاکٹر سے تصدیق لازمی ہے۔ پاک حج ایپ پر اب تک ایک لاکھ 4 ہزار عازمین نے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کر دیئے ہیں جن میں سے 94 ہزار کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے۔

دریں اثناء پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے تحت بکنگ اور ادائیگی کا عمل بھی جاری ہے۔ اب تک 34 ہزار عازمین واجبات جمع کرا چکے ہیں جبکہ 37 ہزار 500 نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔ ترجمان نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ پرائیویٹ حج سکیم میں بکنگ اور ادائیگی کے لئے صرف پاک حج ایپ یا ڈیجیٹل حج پورٹل استعمال کریں۔