ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں 76 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار

ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں 76 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مسلسل سہولت کاری اور مؤثر فالو اَپ کے نتیجے میں پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی سرگرمیوں میں تیزی کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ایس آ ئی ایف سی کے مطابق ستمبر کے دوران خصوصی اقتصادی زونز میں 34 کاروباری درخواستوں کی منظوری سے 76 ارب روپے سے زائد کی ممکنہ سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے، جس سے صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کو نئی تقویت ملنے کی توقع ہے۔

اس پیش رفت کے تحت ٹیکسٹائل، کیمیکلز، زرعی پروسیسنگ اور دیگر اہم شعبوں میں 7 ہزار سے زائد ممکنہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جس سے مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع کو فروغ مل سکتا ہے۔ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے خصوصی اقتصادی زونز میں زیر التوا کاروباری درخواستوں پر پیش رفت تیز ہوئی ہے، جو سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی، صنعتی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کا فروغ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، پیداواری صلاحیت میں اضافے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔