سیمنٹ کی مقامی فروخت میں ستمبر کے دوران 7.39فیصد اضافہ

سیمنٹ کی مقامی فروخت میں ستمبر کے دوران 7.39فیصد اضافہ

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):سیمنٹ کی مقامی فروخت میں ستمبر2026کے دوران 7.39فیصد جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں (جولائی تا ستمبر2026) کے دوران 3.87فیصد اضافہ ہوا ہے۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے اعدادوشمارکے مطابق ستمبر2026کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.788ملین ٹن تک بڑھ گئی جبکہ ستمبر2025کے دوران فروخت کا حجم 3.529ملین ٹن رہا تھا ۔اس طرح ستمبر2025کے مقابلے میں ستمبر2026کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 0.259ملین ٹن یعنی 7.39فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر2025کے مقابلے میں ستمبر2026کے دوران برآمدات میں 0.024فیصد کا معمولی اضافہ ہوا اور برآمدات کا حجم 8 لاکھ 31 ہزار966ٹن کے مقابلے میں 8 لاکھ 32ہزار173ٹن رہا ہے۔اے پی سی ایم اے کے مطابق ستمبر 2026کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت بشمول مقامی و برآمدات میں 5.96فیصد کی بڑھوتری سے فروخت کا حجم ستمبر2025کی 4.361ملین ٹن کے مقابلے میں ستمبر2026کے دوران 0.260ملین ٹن کے اضافہ سے 4.621ملین ٹن تک پہنچ گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ میں سیمنٹ کی مقامی فروخت اور برآمدات کا مجموعی حجم 3.87فیصد کے اضافہ سے 13.141ملین ٹن تک پہنچ گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا ستمبر2025کے دوران 12.651ملین ٹن کی مجموعی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی ۔

مزید برآں اس عرصہ کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 10.062ملین ٹن کے مقابلے میں 7.78فیصد کے اضافے سے 10.845ملین ٹن تک بڑھ گئی ۔ دوسری جانب گزشتہ مالی سال کے مقابلےمیں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سیمنٹ کی قومی برآمدات میں 11.31فیصد کی کمی ہوئی اور برآمدات کا حجم 2.589ملین ٹن کے مقابلے میں 2.296ملین ٹن تک کم ہوگیا۔