ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.57 فیصد اضافہ، سالانہ شرح 11.97 فیصد ریکارڈ
ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.57 فیصد اضافہ، سالانہ شرح 11.97 فیصد ریکارڈ

مزید خبریں
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.57 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 11.97 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریے (ایس پی آئی) کے حوالے سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 8 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 6 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 25 کی قیمتوں میں استحکام جبکہ 20 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیارپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران کیلے کی قیمت میں 2.81 فیصد، ڈیزل 1.37 فیصد، آلو 0.89فیصد، چینی 0.37 فیصد، گڑ 0.19 فیصد اور دال مونگ کی قیمت میں 0.03 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اس کے برعکس آٹے کی قیمت میں 5.69 فیصد، چکن 4.93 فیصد، دال چنا 3.99 فیصد، پٹرول وٹماٹر 2.40 فیصد، دال مسور 1.29 فیصد، تیار چائے 1.08 فیصد، پکی ہوئی دال 0.98 فیصد، دال ماش 0.91 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 0.50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق سب سے کم، یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی والے گروپ کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.52 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے اور 44 ہزار 175 روپے سے زائد ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں بالترتیب 0.54 فیصد، 0.53 فیصد، 0.57 فیصد اور 0.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق صارفین کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔








