وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کی زیر صدارت اجلاس، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ، عوام کو ریلیف دینے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کی زیر صدارت اجلاس، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ، عوام کو ریلیف دینے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے مارکیٹ کی مسلسل نگرانی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف موثر کارروائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔جمعہ کوقومی قیمتوں کی نگرانی کے حوالے سے وفاقی وزیر کی زیر صدارت اجلاس میں مہنگائی کی صورتحال اور بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں کے فرق پر کڑی نظر رکھی جائے اور گندم کے آٹے، ضروری اشیائے خوردونوش اور مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی ذخیرہ اندوزی، منافع خوری اور ناجائز قیمتوں میں اضافے کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے ثمرات براہ راست پاکستانی کاشتکاروں اور عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی اے پی کھاد کی عالمی قیمتوں میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ملنے والے ریلیف کو مقامی سطح پر منتقل کرنا ضروری ہے تاکہ کاشتکاروں کو اس کا حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔
وفاقی وزیر نے مزید واضح کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں غیر منصفانہ اضافے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ کرایوں کی نگرانی کریں اور عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کا تحفظ، ضروری اشیاء کی مناسب قیمتوں پر دستیابی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس مقصد کے لیے مارکیٹ پر موثر نگرانی اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔








