وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کے اہلکاروں کی فرض شناسی، ایمانداری اور دیانتداری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہاولپور موٹروے پر پانچ لاکھ روپے سے زائد کی رقم اس کے اصل مالکان کو واپس لوٹانا قابلِ فخر اور لائق تقلید اقدام ہے
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا موٹروے پولیس کے اہلکاروں کی فرض شناسی دیانتداری کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کے اہلکاروں کی فرض شناسی، ایمانداری اور دیانتداری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہاولپور موٹروے پر پانچ لاکھ روپے سے زائد کی رقم اس کے اصل مالکان کو واپس لوٹانا قابلِ فخر اور لائق تقلید اقدام ہے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں موٹروے پولیس بہاولپور کے سب انسپکٹر صدام حسین اور کانسٹیبل محمد عاطف کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے ایمانداری اور فرض شناسی کی قابلِ تقلید مثال قائم کی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے پولیس کے اہلکاروں کا یہ قابلِ تحسین اقدام نہ صرف ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داری اور دیانتداری کا مظہر ہے بلکہ دیگر ملازمین کے لئے بھی ایک بہترین مثال ہے، ایسے اقدامات سے قومی اداروں کا وقار بلند ہوتا ہے اور عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد مزید مضبوط ہوتا ہے۔وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے پولیس اپنی بہترین کارکردگی، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کے باعث ایک منفرد ادارے کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ موٹروے پولیس آئندہ بھی اسی جذبے، ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔عبدالعلیم خان نے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’شاباش! آپ نے ہم سب کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ فرض شناسی، دیانتداری اور عوامی خدمت ہی بہترین اداروں کی اصل پہچان ہیں جس پر ہر حال میں قائم رہنا چاہئے۔








