وفاقی وزیرِ مواصلات و وزیرِ توانائی کی زیر صدارت اجلاس، کیریک ٹرنچ-III منصوبے پرپیشرفت کا جائزہ لیا گیا

وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی درخواست پر کیریک ٹرنچ-III منصوبے پرپیشرفت اور درپیش امور کے حل کے لئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کی

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی درخواست پر کیریک ٹرنچ-III منصوبے پرپیشرفت اور درپیش امور کے حل کے لئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کی۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اجلاس میں راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان رابطہ بہتر بنانے کے لئے جاری منصوبے کے چاروں حصوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین نے منصوبے پر عملدرآمد کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں زمین کے حصول اور متاثرین کی بحالی سے متعلق امور، منصوبے کی بروقت تکمیل اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تقاضوں کے مطابق ضروری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے منصوبے پر پیشرفت تیز کرنے، متعلقہ امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے اور درپیش مسائل کے حل کے لئے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے اراکین سردار عمار احمد خان لغاری، سردار ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن خان دریشک اور سردار شمشیر علی مزاری ، کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں