نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے سربراہی اجلاس کے لیے تمام انتظامات بروقت اور جامع انداز میں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ایس سی او سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس کیلئے تمام انتظامات بروقت اور جامع انداز میں کرنے کی ہدایت
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے سربراہی اجلاس کے لیے تمام انتظامات بروقت اور جامع انداز میں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تیاریاں ملک کی روایتی مہمان نوازی اور شنگھائی تعاون تنظیم کے دائرہ کار میں تعاون کے عزم کی عکاس ہونی چاہئیں۔ جمعہ کو ترجمان وزارت خارجہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے سربراہی اجلاس کے انتظامات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
یہ سربراہی اجلاس پاکستان کی میزبانی میں 2027ء میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اجلاس کے انعقاد کے لیے مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے درمیان مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام انتظامات بروقت اور جامع انداز میں آگے بڑھائے جائیں۔اجلاس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان کی تیاریاں ملک کی روایتی مہمان نوازی اور شنگھائی تعاون تنظیم کے دائرہ کار میں تعاون کے عزم کی عکاس ہونی چاہئیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری دفاع، قائم مقام سیکرٹری خارجہ، چیئرمین سی ڈی اے اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔









