ایف بی آر نے سٹیل میلٹرز اور ری رولرز کو بجلی کے استعمال شدہ یونٹس کی خود ڈیکلیئریشن کی سہولت فراہم کر دی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے سٹیل میلٹرز، ری رولرز اور کمپوزٹ یونٹس کو سیلز ٹیکس ریٹرن کے ضمیمہ K میں بجلی کے استعمال شدہ یونٹس کی ڈیکلیئریشن کی سہولت فراہم کر دی ہے

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے سٹیل میلٹرز، ری رولرز اور کمپوزٹ یونٹس کو سیلز ٹیکس ریٹرن کے ضمیمہ K میں بجلی کے استعمال شدہ یونٹس کی ڈیکلیئریشن کی سہولت فراہم کر دی ہے، اس اقدام کامقصد بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے معلومات کی عدم فراہمی یا تاخیر سے ریٹرن جمع کرانے کے باعث ٹیکس دہندگان کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تیرہویں شیڈول کے تحت سٹیل میلٹرز، ری رولرز اور کمپوزٹ یونٹس کے لیے سیلز ٹیکس ریٹرن کے ضمیمہ K کو جمع کرانا لازمی ہے جس کے ذریعے سیلز ٹیکس کی درست واجب الادا رقم کا تعین کیا جاتا ہے ، ضمیمہK کا نظام خودکار ہے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں متعلقہ مدت کے لیے اپنے ریٹرن کا ضمیمہ C جمع کراتی ہیں تو بجلی کے استعمال شدہ یونٹس خودکار طور پر ضمیمہ K میں منتقل ہو جاتے ہیں تاہم بعض صورتوں میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ٹیکس دہندگان کو فراہم کی گئی بجلی کی تفصیلات ظاہر نہیں کرتیں یا ریٹرن تاخیر سے جمع کراتی ہیں جس کے باعث ٹیکس دہندگان کو سیلز ٹیکس کی درست ذمہ داری کا تعین کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

سٹیل سیکٹر کے ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو ایک آن لائن انٹرفیس فراہم کیا گیا ہے جس کے ذریعے بجلی کے بلوں کی تصدیق کے بعد متعلقہ مہینے میں استعمال ہونے والے بجلی کے یونٹس کی ڈیکلیئریشن کی اجازت دی جا سکے گی۔سرکلر کے مطابق ٹیکس دہندگان مقررہ قانونی مدت کے اندر آئی آر آئی ایس (آئرس) خودکار نظام کے ذریعے متعلقہ چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو کو آن لائن درخواست جمع کرائیں گے جس کے ساتھ ضروری تفصیلات اور دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔ متعلقہ چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریکارڈ اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد آن لائن منظوری دے سکیں گے جس کے نتیجے میں بجلی کے استعمال شدہ یونٹس خودکار طور پر ضمیمہ K میں منتقل ہو جائیں گے۔ اس طرح ٹیکس دہندگان سیلز ٹیکس کی درست واجب الادا رقم کا تعین کرکے اپنا ریٹرن جمع کرا سکیں گے۔ ایف بی آر نے تمام متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو سہولت سے استفادہ یقینی بنانے اور موصول ہونے والی درخواستوں کو مقررہ قانونی مدت کے اندرنمٹانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

مزید خبریں