پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے سینئر رہنما قادر مندوخیل نے حافظ نعیم الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمن کی سیاست عوامی خدمت پر نہیں، بلکہ پیپلز پارٹی پر بلاوجہ تنقید کے سہارے چل رہی ہے، جماعت اسلامی کراچی میں الیکشن ہاری نہیں بلکہ اپنے ہی تکبر کے بوجھ تلے دب کر غائب ہو گئی۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قادر مندوخیل کا حافظ نعیم الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے سینئر رہنما قادر مندوخیل نے حافظ نعیم الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمن کی سیاست عوامی خدمت پر نہیں، بلکہ پیپلز پارٹی پر بلاوجہ تنقید کے سہارے چل رہی ہے، جماعت اسلامی کراچی میں الیکشن ہاری نہیں بلکہ اپنے ہی تکبر کے بوجھ تلے دب کر غائب ہو گئی۔ پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا سیل کے مطابق قادر مندوخیل نے کہا کہ کراچی کے جن ووٹرز کو حافظ نعیم جعلی کہہ رہے ہیں، پی پی پی اگلی بار انہیں گلے لگا کر جماعت کی ضمانتیں ضبط کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کو بھیک کہنے والے پہلے یہ بتائیں کہ ان کی الخدمت فاؤنڈیشن کا چندہ نیٹ ورک کس کھاتے میں آتا ہے؟ ۔قادر مندوخیل نے کہا کہ بی آئی ایس پی غریبوں کا سہارا ہے، اسے بھکاری پن کہنا جماعت اسلامی کی غریب دشمن اور اشرافیہ نواز سوچ کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نفرت نہیں بانٹتی، اگر نفرت ہوتی تو کراچی کا ہر بڑا ہسپتال اندرونِ سندھ کے غریبوں کا مفت علاج نہ کر رہا ہوتا۔ قادر مندوخیل نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام نے بار بار پی پی پی کو منتخب کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ نفرت نہیں، بھٹو کے نظریے سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور معاشی چیلنجز پر بھاشن دینے والے بتائیں کہ ان کے پاس کراچی کی ترقی کا کوئی ٹھوس معاشی ماڈل ہے؟ ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے پر بات کرنے سے پہلے حافظ نعیم الرحمن سندھ بھر میں بنے نئے تعلیمی اور طبی نیٹ ورکس کا دورہ کر لیں۔ قادر مندوخیل نے کہا کہ جماعت اسلامی صرف احتجاج اور جذباتی نعروں کی برانڈ ہے، عملی طور پر انہوں نے عوام کو کبھی کوئی ریلیف نہیں دیا۔ پی پی پی رہنما نے کہا کہ پٹرولیم لیوی اور وفاقی معاملات پر سیاست چمکانے کے بجائے حافظ نعیم الرحمن ملک کو درپیش عالمی معاشی دباؤ کو سمجھیں۔ قادر مندوخیل نے کہا کہ عوام اب جماعت اسلامی کے اس منفی اور تفرقہ انگیز بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں۔








