خیبر پختونخوا کو مفلوج کر دیا گیا ہے، اس ٹولے کا انجام آچکا ہے، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے لوگ امن چاہتے ہیں، خیبر پختونخوا کو مفلوج کر دیا گیا ہے، اس ٹولے کا انجام آچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پشاور میں خیبر پختونخوا بچاؤ تحریک کے باقاعدہ آغاز کے سلسلے میں ایک بڑے عوامی جلسے سے …

پشاور۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے لوگ امن چاہتے ہیں، خیبر پختونخوا کو مفلوج کر دیا گیا ہے، اس ٹولے کا انجام آچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پشاور میں خیبر پختونخوا بچاؤ تحریک کے باقاعدہ آغاز کے سلسلے میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ انٹرنیٹ سروس بند ہونے کے باوجود شارٹ نوٹس پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ آئے۔

یہ پاکستان، خیبر پختونخوا، قائد محمد نواز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے محبت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ڈھائی مہینے سے شارٹ اور لانگ مارچ کر رہے ہیں، ایسا مارچ ہم نے کبھی نہیں دیکھا تھا۔ کبھی سندھ میں تو کبھی لاہور میں گھوم رہے ہیں لیکن صوبے کو خالی چھوڑ دیا ہے۔ ڈھائی مہینے سے آپ نے اس صوبے کو بند کیا ہے، اس صوبے کو مفلوج کر دیا ہے، چندے کرکے لوگوں کو مارچ کے نام پر لوٹ رہے ہیں، کتنی شرم کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کرتے تو اس 27 تاریخ کو ہی آپ کو آنا چاہیے تھا۔ آپ کو پتہ ہے اور ہمیں بھی معلوم ہے کہ آپ اسلام آباد تو آ نہیں سکتے، اس لیے آپ ضلع ضلع گھوم رہے ہو اور چندہ اکٹھا کر رہے ہو تاکہ دکانداری چلتی رہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صوبے میں روزانہ فورسز اور سویلین کے جنازے آ رہے ہیں، آپ کو اس کی فکر نہیں، کیونکہ یہ آپ کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔ اب یہ سلسلہ آگے نہیں چلے گا کیونکہ خیبر پختونخوا کے لوگ امن چاہتے ہیں، دہشتگردی ختم کرانا چاہتے ہیں، لوگ خیبر پختونخوا میں ترقی چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 13 سالوں میں خیبر پختونخوا کے عوام سے ظلم ہو رہا ہے، اب عوام آپ کو رخصت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پختونوں کو پاکستان سے محبت ہے، اس صوبے کے عوام نے ریفرنڈم میں پاکستان کا انتخاب کیا، پاکستان کےلیے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹولے کا انجام آچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن ہوگا، دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا اور ترقی ہوگی۔ یہ خیبر پختونخوا کے عوام کا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں میں عوام کا سیلاب امڈ آیا۔ آپ کے ریلیوں، جلوسوں سے دس گنا زیادہ کی تعداد میں لوگ آئیں گے اور یہ کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پشاور اور خیبر پختونخوا کے عوام نے پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے بڑی ریلی بھی نکالی گئی جس میں خیبر پختونحوا بچاو اور گو عمران گو کے نعرے بھی لگائے گئے۔

مزید خبریں