نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد نے ایک سینئر سرکاری افسر کے ذاتی عملے کا رکن ظاہر کرکے واٹس ایپ کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرنے اور مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کے خلاف کارروائی کی ہے۔
واٹس ایپ پر سینئر سرکاری افسر کا معاون بن کر جعل سازی کی کوشش، این سی سی آئی اے کی کارروائی

مزید خبریں
اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد نے ایک سینئر سرکاری افسر کے ذاتی عملے کا رکن ظاہر کرکے واٹس ایپ کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرنے اور مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کے خلاف کارروائی کی ہے۔
این سی سی آئی اے کے ایک اہلکار نے ہفتہ کو اے پی پی کو بتایا کہ مشتبہ شخص مبینہ طور پر واٹس ایپ پر خود کو سینئر سرکاری افسر کے ذاتی عملے کا رکن ظاہر کرکے سرکاری اختیار کا تاثر دینے اور افراد کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ انکوائری کے دوران این سی سی آئی اے کی ٹیم نے مبینہ جرم میں استعمال ہونے والے موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک آلات برآمد کرکے تحویل میں لے لیے۔
اہلکار کے مطابق یہ کارروائی آن لائن جعل سازی، شناخت کی نقالی اور سرکاری عہدوں و شناخت کے ناجائز استعمال کے ذریعے دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ایجنسی کی کوششوں کا حصہ ہے۔






