لائبہ اعجاز کیس میں 93 لاکھ روپے کے فراڈ کا مقدمہ درج، دو نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے

لائبہ اعجاز کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے تفتیش مکمل ہونے کے بعد دو نامزد ملزمان کے خلاف 93 لاکھ روپے کی مبینہ مالی دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر امریکہ کا ویزا اور اسکالرشپ دلوانے کے بہانے رقم وصول کرنے اور جعلی دستاویزات کے …

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):لائبہ اعجاز کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے تفتیش مکمل ہونے کے بعد دو نامزد ملزمان کے خلاف 93 لاکھ روپے کی مبینہ مالی دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر امریکہ کا ویزا اور اسکالرشپ دلوانے کے بہانے رقم وصول کرنے اور جعلی دستاویزات کے ذریعے متاثرہ خاندان کو گمراہ کرنے کا الزام ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے انکوائری نمبر RE-837/2026 مکمل ہونے کے بعد محمد نعمان ولد بدی الزمان اور فاطمہ سرور کے خلاف مقدمہ نمبر FIR-AHTC-ICT-977/26 مورخہ 10 اکتوبر 2026 درج کیا ہے۔ مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 419، 420 اور 109 سمیت امیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعات 18 اور 22 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر باہمی ملی بھگت سے شکایت کنندہ امجد الرحمٰن کی بھانجی لائبہ اعجاز کو امریکہ کا ویزا دلوانے اور اسکالرشپ حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنے کے بہانے مجموعی طور پر 93 لاکھ روپے وصول کیے۔

بیان کے مطابق ملزمان نے جعلی اسکالرشپ ایوارڈ لیٹرز، یونیورسٹی ایڈمیشن آفر لیٹرز اور فیس کی ادائیگی کی رسیدیں تیار کرکے متاثرہ خاندان کو دھوکے میں رکھا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ رقم میں سے 29 لاکھ روپے لائبہ اعجاز کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے جبکہ بقیہ رقم نقد وصول کی گئی۔ اس مالی دھوکہ دہی اور اس کے نتیجے میں پیش آنے والی ذہنی اذیت کے باعث لائبہ اعجاز انتقال کر گئیں۔ ایف آئی اے اسلام آباد زون کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کی نگرانی میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر زبیر کمال کے سپرد کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق دورانِ تفتیش مقدمے میں ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی تعین کیا جائے گا۔ ایف آئی اے اسلام آباد زون نے عزم ظاہر کیا ہے لائبہ اعجاز کے ساتھ ہونے والے اس سنگین جرم میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

 

مزید خبریں