وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت ، سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے گھناؤنے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ،جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملے کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں،بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی پر مبنی ایسے پرتشدد اقدامات فوری طور پر بند ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مملکت سعودی عرب، اس کی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے، مکہ مکرمہ کے مشترکہ دفاعی معاہدے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کے تحت ہم سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں.

مزید خبریں