او آئی سی کامسٹیک اور انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن نے او آئی سی رکن ممالک میں ذیابیطس کی روک تھام، تحقیق، طبی عملے کی تربیت اور صحت کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے کےلئے تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے جبکہ دونوں ادارے اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کریں گے۔یہ اتفاق کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن کے صدر …
کامسٹیک اور انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن کا او آئی سی ممالک میں ذیابیطس کی روک تھام کےلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):او آئی سی کامسٹیک اور انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن نے او آئی سی رکن ممالک میں ذیابیطس کی روک تھام، تحقیق، طبی عملے کی تربیت اور صحت کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے کےلئے تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے جبکہ دونوں ادارے اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کریں گے۔یہ اتفاق کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر پیٹر شوارز کے درمیان کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ہوا۔
اجلاس میں ڈائیبیٹک ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے نمائندوں اور کامسٹیک کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کامسٹیک کے صحت سے متعلق پروگراموں پر بریفنگ کے بعد دونوں جانب سے تعاون کے اہم شعبوں کی نشاندہی کی گئی جن میں حلال مصنوعات، مذہبی و سماجی بنیادوں پر ذیابیطس سے بچائوکے پروگرام کی توسیع، کامسٹیک ایکسپرٹ سروس پروگرام کے ذریعے طبی ماہرین کی تربیت اور محفوظ و صحت مند ماحول کے فروغ کے اقدامات شامل ہیں۔
ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ کامسٹیک اور انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن، انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک اور ڈائیبیٹک ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تعاون سے افریقہ، او آئی سی ممالک خصوصاً ساحل خطے میں ماہرین بھیجیں گے جو ذیابیطس سے بچائو، علاج سے متعلق آگاہی اور طبی عملے کی تربیت میں معاونت کریں گے۔ابتدائی مرحلے میں 20 ماہرین پر مشتمل وفد افریقی ممالک کا دورہ کرے گا اور مقامی صحت کے اداروں اور طبی عملے کی استعداد کار بڑھانے کےلئے تربیتی سرگرمیاں انجام دے گا۔
کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل نے کہا کہ بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے سائنسی مہارت، پیشہ ورانہ تربیت اور کمیونٹی سطح کے اقدامات کو او آئی سی ممالک کی صحت کی ضروریات سے موثر انداز میں جوڑا جا سکتا ہے۔ صدر انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن نے ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کے لئے روک تھام، طبی تربیت اور ادارہ جاتی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ملاقات میں یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ او آئی سی کامسٹیک کی انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن میں بین الاقوامی رکنیت کی تجویز اپریل 2027 میں ہونے والے فیڈریشن کے آئندہ اجلاس میں زیر غور لائی جائے گی۔







