اسلام آباد پولیس کا حج و عمرہ فلاحی سکیم کا آغاز، ملازمین سے درخواستیں طلب

اسلام آباد پولیس نے حج و عمرہ فلاحی سکیم 2026 کا باقاعدہ آغاز کر دیا ۔ پولیس حکام نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا ہے کہ محکمہ کی جانب سے ملازمین کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کی کوششوں کے سلسلے میں اہل پولیس اہلکاروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں، ان میں کانسٹیبل سے لے کر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے عہدے تک …

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے حج و عمرہ فلاحی سکیم 2026 کا باقاعدہ آغاز کر دیا ۔ پولیس حکام نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا ہے کہ محکمہ کی جانب سے ملازمین کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کی کوششوں کے سلسلے میں اہل پولیس اہلکاروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں، ان میں کانسٹیبل سے لے کر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے عہدے تک کے افسران شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد سہیل چوہدری کی ہدایات پر متعارف کرائی گئی ہے تاکہ پولیس اہلکاروں کو مذہبی سفر کی سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

اس سکیم کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے حج کے لیے پانچ اور عمرہ کے لیے چار خوش نصیب ملازمین کا انتخاب کیا جائے گا (عمرہ کے لیے ہر تین ماہ بعد قرعہ اندازی کے ذریعے ایک ملازم کا انتخاب کیا جائے گا)۔انہوں نے کہا کہ دلچسپی رکھنے والے ملازمین مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں اور درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستیں مقررہ تاریخ سے قبل ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز کے دفتر میں جمع کرائی جانی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سکیم ان پولیس اہلکاروں کے لیے کیے جانے والے فلاحی اقدامات کا حصہ ہے جو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مشکل حالات میں اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔آئی جی محمد سہیل چوہدری نے پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی ہے، جس کا مقصد خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کو بہتر سہولیات اور معاونت فراہم کرنا ہے۔

مزید خبریں