اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک ہفتے میں سنگین جرائم میں ملوث 370 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں 296 عدالتی مفرور، مجرمان اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان شامل ہیں جبکہ منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ …
اسلام آباد پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں، سنگین جرائم میں ملوث 370 ملزمان گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک ہفتے میں سنگین جرائم میں ملوث 370 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں 296 عدالتی مفرور، مجرمان اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان شامل ہیں جبکہ منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں مزید 74 ملزمان کو گرفتارکر کے ان کے قبضے سے 5,550 گرام آئس، 6,058 گرام چرس، 1,210 گرام ہیروئن، شراب کی 114 بوتلیں، تین گنز، دو خنجر اور مختلف بور کے 37 پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیے گئے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔مزید برآں، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے زونل ایس پیز کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران 2,823 افراد، 1,149 گھروں، 235 دکانوں، 52 ہوٹلز، 1,557 موٹر سائیکلوں اور 565 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ مزید جانچ پڑتال کے لیے 130 مشکوک افراد، 137 موٹر سائیکلوں اور تین گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں منتقل کیا گیا جبکہ سرچ آپریشنز کے دوران چھ پستول اور 31 گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے شب و روز مصروفِ عمل ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کے لیے سرچ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی ”نو ٹو ویپن“ مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اشتہاری مجرمان اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی گرفتاری، منشیات کے خاتمے اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے بھی موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں کی عزتِ نفس اور قانونی تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور شہریوں کے درمیان موثر تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن ’’پکار 15‘‘ پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے جرائم کی روک تھام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔






