وفاقی وزیر امیر مقام کا خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کا خیرمقدم

وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے صوبے میں گورنر راج اورایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد امن کی بحالی،عوام کے تحفظ اور انتظامی امور میں بہتری ہونا چاہیے۔اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن، ترقی، خوشحالی اور بہتر طرز حکمرانی کےمستحق ہیں۔ عوامی مفادات کے خلاف سیاست …

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے صوبے میں گورنر راج اورایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد امن کی بحالی،عوام کے تحفظ اور انتظامی امور میں بہتری ہونا چاہیے۔اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن، ترقی، خوشحالی اور بہتر طرز حکمرانی کےمستحق ہیں۔ عوامی مفادات کے خلاف سیاست کرنے والوں کو اپنی کارکردگی اور صوبے میں امن و امان کی صورت حال کا جواب دینا ہوگا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ماؤں کی اجڑی گودیں، بہنوں کے آنسو اور یتیم بچوں کی بے بسی فوری اور مؤثر عملی اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں۔ اب تمام تر توجہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن کے قیام اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہداء کے خاندانوں کی کفالت اور زخمیوں کے علاج کو یقینی بنایا جائے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، صوبے کے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونے چاہئیں اور تعلیم، صحت، روزگار اور عوامی ترقی آئندہ ترجیحات کا محور ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا میں امن، ترقی، خوشحالی اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرامن رہیں، قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا بدامنی کا حصہ نہ بنیں۔

 

مزید خبریں