کام کی جگہ پر خوشگوار ماحول پائیدار کاروباری ترقی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے، شاہد عمران

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ کام کی جگہ پر خوشگوار ماحول نظم و ضبط برقرار رکھنے، پیداواری صلاحیت بہتر بنانے اور پائیدار کاروباری ترقی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اتوار کو یہاں منعقدہ سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری اداروں کی کامیابی اور مارکیٹ میں ساکھ برقرار رکھنے کے …

لاہور۔11اکتوبر (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ کام کی جگہ پر خوشگوار ماحول نظم و ضبط برقرار رکھنے، پیداواری صلاحیت بہتر بنانے اور پائیدار کاروباری ترقی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اتوار کو یہاں منعقدہ سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری اداروں کی کامیابی اور مارکیٹ میں ساکھ برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ شفافیت اور منصفانہ رویہ اختیار کیا جائے۔

ملازمین بالخصوص نچلے درجے کے کارکنوں کو انتظامیہ کے ساتھ بات چیت میں سہولت اور اعتماد حاصل ہونا چاہیے جبکہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں سازگار ماحول فراہم کرے اور ملازمت کے معاہدوں میں کیے گئے وعدوں کی پاسداری یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ آجر کو یہ توقع رکھنے کا حق حاصل ہے کہ ملازمین بھی ادارے کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے بھرپور عزم اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ جو ادارے ملازمین کے ساتھ بہتر تعلقات کو ترجیح دیتے ہیں، وہاں نظم و ضبط اور کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔

انہوں نے سرکاری اور نجی شعبوں پر زور دیا کہ وہ آگاہی پروگراموں، تربیت اور ادارہ جاتی مکالمے کے ذریعے محنت کشوں اور انتظامیہ کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے جدید طریقہ کار اپنائیں۔ انہوں نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ ملازمین کی پیشہ ورانہ تربیت اور فلاح و بہبود میں سرمایہ کاری کرے کیونکہ باصلاحیت، ہنرمند اور پرعزم افرادی قوت کاروباری مسابقت بڑھانے کے لیے ناگزیر ہے۔

 

مزید خبریں