”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ پروگرام کے تحت سرگودہا کے 546 کاشتکاروں میں فی ایکڑ 50 ہزار روپے کے پے آرڈرز کی تقسیم آئندہ ہفتے شروع ہو گی، ڈپٹی کمشنر

”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ پروگرام کے تحت سرگودہا کے 546 کاشتکاروں میں فی ایکڑ 50 ہزار روپے کے پے آرڈرز کی تقسیم آئندہ ہفتے شروع ہو گی، ڈپٹی کمشنر

سرگودھا۔ 11 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست پروگرام ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ کے تحت سرگودہا میں 546 کاشتکاروں کو فی ایکڑ 50 ہزار روپے کی مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے پے آرڈرز کی تقسیم آئندہ ہفتے شروع ہو گی۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سرگودہا حسین احمد رضا چوہدری نے پروگرام پر عمل درآمد اور مالی معاونت کی تقسیم کے انتظامات کا جائزہ بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس سلسلےمیں متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تقسیم کے عمل کو شفاف، منظم اور تیز رفتار بنانے کے لیے فوری طور پر تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت گوہر الرحمان کے علاوہ محکمہ لائیو سٹاک، جنگلات اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت ضلع سرگودہا میں ایک سے پانچ ایکڑ تک اراضی کے حامل 546 کاشتکاروں کو مالی معاونت فراہم کی جائےگی۔ہر اہل کاشت کار کو فی ایکڑ 50 ہزار روپے 2 اقساط میں دیئے جائیں گے، جن میں 25 ہزار روپے فصل ربیع جبکہ 25 ہزار روپے فصل خریف کے لیے مختص ہیں۔

اب تک 179 پے آرڈرز موصول ہو چکے ہیں، جن کی مستحق کاشتکاروں تک ترسیل کے لیے انتظامات کیےجا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تحصیل سطح پر تشکیل دی جانے والی کمیٹیاں موصولہ پے آرڈرز کی فہرستوں اور مستحقین کے کوائف کی تصدیق کے بعد مقررہ ایس او پیز کے مطابق تقسیم کا عمل مکمل کریں تاکہ مالی معاونت حقیقی حقداروں تک پہنچ سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کاشتکار کا متعلقہ مستحقین کی فہرست میں نام ہونا ضروری ہے اور وصولی کے لیے مقررہ طریقہ کار کے مطابق بیانِ حلفی جمع کرانا ہوگا۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو پے آرڈرز کی وصولی کے طریقہ کار سے بروقت آگاہ کیا جائے اور تمام انتظامات مکمل کرکےوزیراعلیٰ پنجاب کےکسان دوست اقدام کے ثمرات مستحق کاشتکاروں تک پہنچائے جائیں۔