پی ایس اینڈ ڈی سی کی کارروائی، بغیر ڈرگ سیل لائسنس ادویات فروخت کرنے پر فارمیسی سیل

فارمیسی سروسز اینڈ ڈرگ کنٹرول (پی ایس اینڈ ڈی سی) اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری نے بغیر ڈرگ سیل لائسنس ادویات فروخت کرنے اور زائد قیمتیں وصول کرنے پر ایک میڈیکل سینٹر میں قائم فارمیسی سیل کر دی۔

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):فارمیسی سروسز اینڈ ڈرگ کنٹرول (پی ایس اینڈ ڈی سی) اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری نے بغیر ڈرگ سیل لائسنس ادویات فروخت کرنے اور زائد قیمتیں وصول کرنے پر ایک میڈیکل سینٹر میں قائم فارمیسی سیل کر دی۔

سرکاری ذرائع کےمطابق یہ کارروائی فارمیسیوں اور میڈیکل اسٹورز کو رجسٹرڈ میڈیکل پریکٹیشنرز کی جانب سے بغیر لائسنس چلانے سےمتعلق وفاقی آئینی عدالت کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں جاری کردہ سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کے آغاز کے بعد کی گئی۔معائنے کے دوران ٹیم نے مذکورہ فارمیسی کو قانونی اجازت کے بغیر ادویات اور علاج معالجے سے متعلق مصنوعات فروخت کرنے اورمقررہ قیمتوں سے زائد وصولیاں کرنے میں ملوث پایاجس پر قانون کے مطابق فارمیسی کو سیل کر دیا گیا۔

کارروائی ڈرگ انسپکٹرز عنبر بشارت، گل زیب خان اور تحریم سارہ نے سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ سردار شبیر احمد کی نگرانی میں انجام دی۔محکمے نے تمام رجسٹرڈ میڈیکل پریکٹیشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ قوانین اور سفارشات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی فارمیسی، میڈیکل اسٹور یا دیگر مرکز درست ڈرگ سیل لائسنس کے بغیر ادویات یا علاج معالجے سے متعلق مصنوعات فروخت نہیں کر سکتا۔

لائسنس یافتہ ڈسٹری بیوٹرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بغیر مطلوبہ لائسنس کام کرنے والی فارمیسیوں، میڈیکل اسٹورز، میڈیکل سینٹرز یا دیگر مقامات کو ادویات کی فراہمی فوری طور پر بند کر دیں۔محکمے نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی اور ضابطہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔پی ایس اینڈ ڈی سی، آئی سی ٹی نے کہا ہے کہ قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضوں پر عمل درآمد کی نگرانی جاری رکھی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے افراد اور اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔