چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا،ملکی ترقی و استحکام کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، سیاست کی آڑ میں تخریب کاری، آئین کی پامالی اور قومی اداروں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔
نوجوان ہنگامہ آرائی نہیں، استحکام اور ترقی چاہتے ہیں، وزیراعظم پٹرول ریلیف پروگرام میں ایک کروڑ افراد رجسٹرڈ ہو چکے،رانا مشہود احمد خان

مزید خبریں
لاہور۔11اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا،ملکی ترقی و استحکام کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، سیاست کی آڑ میں تخریب کاری، آئین کی پامالی اور قومی اداروں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز حلقہ پی پی 172 میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ان کی جماعت سیاسی مکالمے اور جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے تاہم سیاسی اختلافات کو انتشار، تشدد اور تخریب کاری کا ذریعہ نہیں بننے دیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی نوجوان نسل کا بیانیہ تبدیل ہو رہا ہے، وہ ملک کے ساتھ کھڑے اور ہنگامہ آرائی و سیاسی عدم استحکام سے نجات چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بے شمار چیلنجز درپیش ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے حکومت دن رات محنت کر رہی ہے، ملک ترقی کے سفر پر گامزن اور اس سفر کو تخریب کاری کی نذر کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔رانا مشہود احمد خان نے خیبر پختونخوا کی صورت حال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے متعدد اضلاع میں حکومتی عمل داری اور انتظامی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں، جو عناصر پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ دوسرے صوبوں کے عوام کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا ہے، پنجاب کے ہسپتالوں، تعلیمی اداروں و کاروباری مراکز میں خیبر پختونخوا سمیت دیگر صوبوں کے شہریوں کو سہولتیں میسر اور یہاں ہر شخص کو قابلیت و محنت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا حق حاصل ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان تمام صوبوں اور قومیتوں کا مشترکہ وطن ہے ، لسانیت، مذہب یا علاقائی شناخت کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنے کی کوششیں قومی یکجہتی کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے اصولوں کا اطلاق تمام شہریوں پر یکساں ہونا چاہیے ، کسی بھی انسانی جان کے ضیاع پر دوہرا معیار اختیار نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات، بلوچستان میں بدامنی اور ملک میں دہشت گردی جیسے معاملات پر قانون کے مطابق کارروائی ضروری ہے، جو بھی پاکستان کے خلاف کھڑا ہوگا یا ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کرے گا، اسے قانون کا سامنا کرنا ہوگا، قومی سلامتی اور سیاسی اختلاف کو الگ الگ رکھنا ضروری ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ ان کی جماعت کی قیادت اور کارکن ماضی میں بھی مشکلات سے گزرے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف مقدمات قائم کیے گئے، ان کی قیادت نے عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کیا اور قانونی عمل کے ذریعے اپنا دفاع کیا۔انہوں نے کہا کہ خود ہی انتشار کا راستہ اختیار کرنے کی بجائے عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرنے اور آئین و قانون کے مطابق فیصلوں کو قبول کرنے کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی عالمی سطح پر اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے ، مختلف ممالک پاکستان کو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم شراکت دار سمجھتے ہیں،سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون اور دیگر ممالک کے پاکستان کے ساتھ معاہدے طے پا رہے ہیں، بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں پاکستان کی کامیابی نے عالمی سطح پر ملک کے وقار میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے کردار ادا کر رہا ہے، جلد عالمی کشیدگی میں کمی آئے گی اور سفارتی کوششوں کے ذریعے جنگ کے خطرات کو کم کیا جا سکے گا۔وزیراعظم کے پٹرول ریلیف پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اس پروگرام میں ایک کروڑ افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور معاشی مشکلات کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، حلقہ پی پی 172 میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے حلقے سے تعلق رکھنے والے رانا اسد اللہ خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ دیرینہ تعلق اور تعاون ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے،حلقہ پی پی 172 کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ یہاں سے تعلق رکھنے والی شخصیت وفاقی سروس ٹریبونل کے چیئرمین کے منصب پر فائز ہے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ قومی اتحاد، سیاسی بصیرت، قانون کی بالادستی اور معاشی ترقی کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور ملکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔







