وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ خام تیل کی بلندقیمتوں کے باوجود رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معیشت کی نموکی شرح 4 فیصد سے زیادہ رہنے کی توقع ہے
خام تیل کی بلند قیمتوں کے باوجود رواں مالی سال کے دوران ملکی معیشت کی شرح نمو4 فیصد سے زیادہ رہنے کی توقع ہے، زرمبادلہ کےذخائر کے استحکام کے لئے مجوزہ 10 ارب ڈالر کی سہولت پر امریکاکے ساتھ مذاکرات جاری ہیں ،وزیرخزانہ کارائٹرز کوانٹرویو

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ خام تیل کی بلندقیمتوں کے باوجود رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معیشت کی نموکی شرح 4 فیصد سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے بنکاک میں ہونے والے سالانہ اجلاس کے موقع پرپیر کو برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کوانٹرویومیں وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان اپنی ضروریات کے مطابق ایندھن کی وافر مقدار حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے، جس کے باعث ملک میں ایندھن کی قلت پیدا نہیں ہوئی، زراعت جیسے اہم شعبے بھی دباو کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ، مجھے اب بھی پورا یقین ہے کہ ہم 4 فیصد سے زیادہ شرح نمو حاصل کریں گے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ مہنگائی کے معاملے پر بھی حکومت کی گہری نظرہے کیونکہ اجناس کی قیمتوں میں اضافے کے بالواسطہ اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف سطح کا معاہدہ کیا ہے، جس سے توسیعی فنڈ سہولت اور موسمیاتی پروگرام کے تحت تقریباً 1.21 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان زرمبادلہ کےذخائر کے استحکام کیلئے مجوزہ 10 ارب ڈالر کی سہولت کیلئے امریکاکے ساتھ مذاکرات بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ سہولت حاصل ہو جاتی ہے تو یہ ہمارے لیے بہت بڑی مدد ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ سہولت حاصل نہ بھی ہوئی تو اس سے پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی متاثر نہیں ہوگی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی مسئلہ پیدا ہوگا۔ نجکاری کاذکرکرتے ہوئے انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پانچ یا چھ اداروں کے معاملات رواں مالی سال کے دوران مکمل ہو جائیں گے ، ان اقدامات سے ایک ارب ڈالر سے زیادہ رقم حاصل ہو سکتی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نجکاری کے حوالے سے بالکل واضح ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ نجی شعبہ ملک کی قیادت کرے۔حکومت کا کردار ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جس میں نجی شعبے کو ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کی جا سکے








