وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کو ٹیکنالوجی کا عالمی معیار کا مرکز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور فن ٹیک کے شعبوں میں جدید مہارتوں کی فراہمی اور آئی ٹی انٹرپرینیورز کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کا سفر جاری رکھیں گے
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کے حوالے سے جائزہ اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کو ٹیکنالوجی کا عالمی معیار کا مرکز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور فن ٹیک کے شعبوں میں جدید مہارتوں کی فراہمی اور آئی ٹی انٹرپرینیورز کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کا سفر جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دانش آئی ٹی پارک کو اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے مؤثر اشتراک سے جدید آئی ٹی ایکو سسٹم کا مرکز بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دانش آئی ٹی پارک میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی شراکت داری سے آپریشنز شروع کیے جائیں اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کے منصوبے کا جامع کیس سٹڈی کرے ، دانش آئی ٹی پارک منصوبے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے۔ اجلاس کو آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جامع ایکو سسٹم کی تشکیل پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے تحت 50 نجی عمارتوں کو سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس میں اپ گریڈ کیا جا چکا ہے اور ملک میں اسٹارٹ اپس کی معاونت کے لیے 8 انکیوبیشن سینٹرز قائم کئے جا چکے ہیں جبکہ آئی ٹی پروفیشنلز کو سہولیات کی فراہمی کے لیے 105 کو ورکنگ سپیسز فعال ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد میں آپریشنز کے لیے عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔








