تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ، حکومت معاشی استحکام و سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے، قیصر احمد شیخ

وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت معاشی استحکام و سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لا رہی ہے،بورڈ آف انویسٹمنٹ کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کےلئے اصلاحات پر عمل پیرا ہے،خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی، ون ونڈو سہولت کا …

لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت معاشی استحکام و سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لا رہی ہے،بورڈ آف انویسٹمنٹ کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کےلئے اصلاحات پر عمل پیرا ہے،خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی، ون ونڈو سہولت کا قیام اور سرمایہ کاروں کو بہتر کاروباری ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے دورے کے موقع پر کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر،سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی اور نائب صدر خادم حسین چوہدری سمیت کاروباری برادری کے نمائندے بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے حکومتی پالیسیوں اور کاروباری برادری کے درمیان موثر رابطہ ضروری ہے۔خصوصی اقتصادی زونز کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ زونز صنعتی ترقی،سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،حکومت خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی مقام پر تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ کاروبار شروع کرنے اور صنعتوں کے قیام کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پاکستان سٹیل ملز کی تقریبا6,000 ایکڑ اراضی کو خصوصی اقتصادی زون میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ اس منصوبے سمیت ملک میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے اور صنعتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تجارتی معاہدوں اور درآمدی پالیسیوں کے ملکی صنعت پر اثرات کا باقاعدگی سے جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ قومی صنعتوں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے اور مقامی کاروباری اداروں کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آئیں۔انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے جاری اصلاحاتی عمل کا مقصد طریقہ کار کو آسان بنانا،غیر ضروری ضابطہ جاتی بوجھ کم کرنا، سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانا اور کاروبار و سرمایہ کاری کےلئے زیادہ شفاف اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنے اور پالیسی سازی میں تاجروں کی موثر شمولیت یقینی بنانے کے لیے لاہور چیمبر کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے کہا کہ صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایسا کاروباری ماحول تشکیل دینا ضروری ہے جہاں صنعت کاروں کو غیر ضروری قانونی پیچیدگیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے،پیداواری صلاحیت بڑھانے اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے والی صنعتوں کے لیے خصوصی ٹیکس مراعات مہیا کرنے سے تاجر برادری کو سہولت میسر آئے گی۔علی حسام اصغر نے ایف بی آر کی کارروائیوں میں شفافیت یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے تجویز دی کہ ان لینڈ ریونیو،لاہور چیمبر کے نمائندوں اور ٹیکس ماہرین پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے جو کاروباری برادری کو درپیش ٹیکس مسائل کا جائزہ لے اور ان کے حل کےلئے قابل عمل سفارشات پیش کرے۔

انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو درپیش مالیاتی مسائل کے حل کے لیے بینکوں کے سربراہان کا اجلاس لاہور چیمبر میں بلانے کی تجویز بھی پیش کی۔ا ن کا کہنا تھا کہ آسان قرضوں اور مالیاتی سہولتوں تک رسائی بہتر بنا کر چھوٹے کاروباروں کو وسعت دینے،نئی صنعتیں قائم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی نے کہا کہ سرمایہ کاری کو قومی ترجیح بنایا جانا چاہیے اور معاشی ترقی کی کامیابی کو نئی صنعتوں کے قیام، روزگار کے مواقع، ملکی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کی بنیاد پر جانچا جانا چاہیے۔

انہوں نے صنعتی زمین پر تجارتی نرخوں کے اطلاق کا جائزہ لینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ زرعی، صنعتی، رہائشی اور تجارتی زمین کی واضح درجہ بندی اور قیمتوں کے تعین کا شفاف نظام تشکیل دیا جانا چاہیے تاکہ صنعت کاروں کو غیر ضروری مالی دبائو کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ نائب صدر خادم حسین چوہدری نے کہا کہ کاروباری مسائل کے بروقت حل،صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مسلسل مشاورت کے ذریعے ایسی پالیسیاں مرتب کی جا سکیں گی جو ملکی صنعت،تجارت، روزگار اور برآمدات کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔

مزید خبریں