سعودی عرب میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 11 لاکھ روپے ہتھیانے والا ویزا فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب میں ملازمت کا جھانسہ دے کر شہری سے 11 لاکھ روپے ہتھیانے والے ملزم عمران حسن کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا ہے۔

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب میں ملازمت کا جھانسہ دے کر شہری سے 11 لاکھ روپے ہتھیانے والے ملزم عمران حسن کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے اسلام آباد زون کے مطابق کارروائی سب انسپکٹر ظفر اقبال کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی۔ ملزم کے خلاف انکوائری نمبر 447/2026 مکمل ہونے پر ایمیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعات 18 اور 22 کے تحت مقدمہ (ایف آئی آر نمبر 517/2026) درج تھا، جس میں وہ مطلوب چلا آ رہا تھا۔ابتدائی تفتیش اور انکوائری کے دوران حاصل ہونے والے بینکنگ ریکارڈ، چیکس اور دیگر دستاویزی شواہد کی جانچ پڑتال کے بعد ملزم کے خلاف فراڈ کے الزامات ثابت ہوئے۔

ملزم عمران حسن نے مدعی مقدمہ کو سعودی عرب میں ورک ویزا اور ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر 11 لاکھ روپے کی خطیر رقم وصول کی، تاہم رقم اینٹھنے کے بعد وہ نہ تو ویزا فراہم کر سکا اور نہ ہی شہری کو بیرون ملک بھجوا سکا۔ملزم کو قانونی کارروائی کے بعد حراست میں لے کر مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، جسے جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے مجاز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ کے اس نیٹ ورک میں شامل دیگر سہولت کاروں اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایف آئی اے حکام نے واضح کیا ہے کہ انسانی سمگلنگ اور معصوم شہریوں کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بیرون ملک ملازمت اور ویزا کے حصول کے لیے غیر مجاز ایجنٹوں سے ہوشیار رہیں اور صرف حکومت کے مجاز کردہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز سے رجوع کریں۔