این ٹی سی کا سائبر سکیورٹی آگاہی سیشن کا انعقاد، مقصد محفوظ ڈیجیٹل طریقہ کار بارے شعور اجاگر کرنا تھا

نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی)نے نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (پی کے سرٹ)کے اشتراک سے سائبر سکیورٹی آگاہی مہم 2026 کے تحت خصوصی سیشن کا انعقاد کیاجس کا مقصد کیو آر کوڈ سکیننگ فراڈ، ملازمت کی جعلی پیشکشوں، کالر آئی ڈی تبدیل کر کے کی جانے والی جعلی وائس کالز اور سم سویپ جیسے سنگین خطرات کے سدباب اور محفوظ ڈیجیٹل طریقہ کار بارے شعور اجاگر کرنا تھا۔

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی)نے نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (پی کے سرٹ)کے اشتراک سے سائبر سکیورٹی آگاہی مہم 2026 کے تحت خصوصی سیشن کا انعقاد کیاجس کا مقصد کیو آر کوڈ سکیننگ فراڈ، ملازمت کی جعلی پیشکشوں، کالر آئی ڈی تبدیل کر کے کی جانے والی جعلی وائس کالز اور سم سویپ جیسے سنگین خطرات کے سدباب اور محفوظ ڈیجیٹل طریقہ کار بارے شعور اجاگر کرنا تھا۔

اس سیشن میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)کے ڈپٹی ڈائریکٹر نیٹ ورک سکیورٹی محمد اکرم مغل نے بطور مہمان مقرر شرکت کی۔ انہوں نے ”دفتر اور گھر میں اپنی ڈیجیٹل زندگی کا تحفظ، آن لائن نقصانات کی رپورٹنگ اور موجودہ دور میں فشنگ کا طریقہ کار“ کے عنوان پر کلیدی لیکچر دیتے ہوئے جدید ڈیجیٹل خطرات سے بچاؤ اور ذاتی و دفتری ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کے عملی اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

شرکا کو بتایا گیا کہ سائبر جرائم پیشہ عناصر اب روایتی ہتھکنڈوں کے بجائے مشکوک کیو آر کوڈز، بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتوں کا جھانسہ دے کر لوٹنے، حساس اداروں کے نام پر جعلی وائس کالز کرنے اور سم سویپ کے ذریعے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے جیسے جدید طریقے استعمال کر رہے ہیں، شہری نہ صرف ان خطرات سے باخبر رہیں بلکہ کسی بھی آن لائن فراڈ یا مشکوک سرگرمی کا شکار ہونے کی صورت میں اس کی فوری شناخت کر کے متعلقہ فورمز پر بلا تاخیر رپورٹنگ یقینی بنائیں۔