چین کے شینگ تانگ گروپ کے وفد کی وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار سے ملاقات ، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے میں دلچسپی کا اظہار

چین کے شینگ تانگ گروپ کے وفد کی وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار سے ملاقات ، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے میں دلچسپی کا اظہار

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):چین کے شینگ تانگ گروپ کے ایک وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے اور معیشت کے اہم شعبوں میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کے لیے وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ملاقات کی۔چینی وفد نے پاکستان میں 10 ملین ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وفد نے صنعتی ترقی، انفراسٹرکچر، سیاحت، الیکٹرک وہیکلز، ریلوے، توانائی اور شہری ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے کہا کہ چین کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ چینی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں، کاروباری ماحول بہتر بنایا جائے اور پاکستان میں کاروبار کرنے کو آسان بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق کاروبار دوست ریگولیٹری اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کو زمین لیز پر فراہم کرنے کے ماڈل کو بھی ایک اہم سہولت قرار دیا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا یہ موزوں وقت ہے۔ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی قابل اعتماد حیثیت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے صنعتی اور معاشی شعبوں میں ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات خون سے بھی زیادہ گہرے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد مشترکہ منصوبوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں جن میں سے تقریباً 40 فیصد منصوبے عمل درآمد کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے مزید سرمایہ کاری پاکستان میں صنعتی وسعت، معاشی سرگرمیوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقع پر بات کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے الیکٹرک وہیکلز کو سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے اگلے مرحلے کا ایک اہم شعبہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان الیکٹرک وہیکلز کی ٹیکنالوجی کی جانب پیش رفت کر رہا ہے اور چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون ٹیکنالوجی کی ترقی اور ملکی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔وزیر اعظم کے مشیر نے چینی وفد کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے چینی وفد کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔ملاقات میں ایڈیشنل سیکریٹری ہمیرا ضیاء مفتی، جوائنٹ سیکریٹری فریدون اکرم شیخ اور جوائنٹ سیکریٹری عامر عقیق بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں