ریسکیو1122 لاہور کے زیر اہتمام چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب کے150 سے زائد زیرِ تربیت مرد و خواتین افسران کو زندگی بچانے والی بنیادی مہارتوں کی تربیت فراہم کی گئی
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی 150 افسران کو زندگیاں بچانے کی تربیت

مزید خبریں
لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):ریسکیو1122 لاہور کے زیر اہتمام چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب کے150 سے زائد زیرِ تربیت مرد و خواتین افسران کو زندگی بچانے والی بنیادی مہارتوں کی تربیت فراہم کی گئی۔اس سلسلے میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ریسکیو1122 لاہور میں ایک تربیتی کلاس کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی سیشن میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زیرِ تربیت افسران نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر ضلعی ایمرجنسی آفیسر رضوان احمد چوہدری نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے زندگی بچانے والی بنیادی مہارتوں کو سیکھنے کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے شرکا کو مصنوعی طریقے سے دل کی دھڑکن اور سانس بحال کرنے (سی پی آر) کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔تربیتی کلاس میں ایمرجنسی آفیسر عنایت خان بلوچ اور محمد اعظم کے علاوہ دیگر کمیونٹی انسٹرکٹرز نے بھی معاونت کی۔ شرکا کو بہتے ہوئے خون کو روکنے،فریکچر کو سنبھالنے اور سی پی آر کی عملی تربیت دی گئی۔تقریب کے اختتام پر موٹربائیک ایمبولینس سٹاف نے روڈ ٹریفک کریش کے مریض کو موقع پر طبی امداد فراہم کرنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا جسے شرکا نے سراہا۔








