ایس آئی ایف سی کی معاونت سے سیالکوٹ میں ڈریگن فورس فٹ بال اکیڈمی کا قیام پاکستان اور پرتگال کے درمیان کھیلوں، مہارتوں کے فروغ اور باہمی تعاون کے نئے مواقع کا عکاس ہے، سفیر پرتگال
ایس آئی ایف سی کی معاونت سے سیالکوٹ میں ڈریگن فورس فٹ بال اکیڈمی کا قیام پاکستان اور پرتگال کے درمیان کھیلوں، مہارتوں کے فروغ اور باہمی تعاون کے نئے مواقع کا عکاس ہے، سفیر پرتگال

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے سیالکوٹ میں ڈریگن فورس فٹ بال اکیڈمی کا قیام پاکستان اور پرتگال کے درمیان کھیلوں، مہارتوں کے فروغ اور باہمی تعاون کے نئے مواقع کی عکاسی کرتا ہے۔ایس آئی ایف سی کے مطابق پاکستان میں پرتگال کے سفیر پائولو ڈومنگس نے اکیڈمی کے قیام کو سراہتے ہوئے ایف سی پورٹو اور فارورڈ سپورٹس کو عالمی معیار کی اس کاوش پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اس بات کی عملی مثال ہے کہ پرتگال اور پاکستان مل کر کیا کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔
ان کے مطابق پرتگالی مہارت اور پاکستانی صلاحیتوں کا امتزاج دونوں ممالک کے لیے باہمی طور پر مفید شراکت داریوں کے فروغ کی بنیاد بن سکتا ہے۔پرتگالی سفیر نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس نوعیت کے اشتراک کو دیگر شعبوں تک وسعت دی جائے گی جس سے پاکستان اور پرتگال کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ایس آئی ایف سی کی معاونت سے قائم ہونے والی یہ اکیڈمی پاکستان کی کھیلوں کی صنعت اور مقامی ٹیلنٹ کو بین الاقوامی مہارت سے جوڑنے کی ایک اہم مثال ہے۔
یہ اقدام نوجوان فٹ بال کھلاڑیوں کی تربیت، کھیلوں کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔یہ پیش رفت ایس آئی ایف سی کے اس کردار کو اجاگر کرتی ہے جس کے تحت بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دے کر پاکستان کی صلاحیتوں کو عالمی تجربے سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے دیرپا مواقع پیدا کیے جا سکیں۔








