چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کا اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ منصوبے کا دورہ، جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا

چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ منصوبے کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تعمیراتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے اور اعلیٰ معیار برقرار رکھتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اسلام آباد ، متعلقہ …

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ منصوبے کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تعمیراتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے اور اعلیٰ معیار برقرار رکھتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اسلام آباد ، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور سی ڈی اے کے افسران موجود تھے۔

چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت، جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور ترقیاتی کاموں کے آئندہ مرحلے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ منصوبہ سڑکوں کے رابطوں کو بہتر بنانے، ٹریفک کی روانی میں اضافہ کرنے، رش کم کرنے اور دارالحکومت کے روڈ نیٹ ورک کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کو منظور شدہ ڈیزائن، تکنیکی تفصیلات اور تعمیراتی معیار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کے دوران مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ، موثر کوالٹی کنٹرول اور مناسب ٹریفک مینجمنٹ پر بھی زور دیا تاکہ شہریوں اور مسافروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے کو اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ کے اطراف غیر قانونی تعمیرات، غیر مجاز تجارتی سرگرمیوں، اراضی کے غیر منظور شدہ استعمال اور بلڈنگ کنٹرول ضوابط کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری انفورسمنٹ آپریشن کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ یہ کارروائیاں سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے تعاون سے کی جا رہی ہیں۔جاری آپریشن کے تحت مجموعی طور پر 377 تعمیرات جن میں 281 کمرشل تعمیرات شامل ہیں، کے خلاف کارروائی کے لیے نشاندہی کی گئی ہے۔ اب تک 58 عمارتیں سیل کی جا چکی ہیں جن میں 34 سوہان اقبال ٹائون جبکہ 24 کورنگ پل، کورنگ پولیس سٹیشن اور گلبرگ گرینز کے علاقوں میں واقع ہیں۔

اس کے علاوہ سوہان سے کھنہ پل تک 124 تعمیرات کی نشاندہی کرکے انہیں مسمار کرنے کے لیے مختص کیا گیا ہے جبکہ مسماری کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔خلاف ورزیوں میں غیر قانونی تعمیرات، اراضی کا غیر منظور شدہ استعمال، منظوری کے بغیر تعمیرات اور فائر سیفٹی کے لازمی تقاضوں پر عمل درآمد نہ کرنا شامل ہے۔ متعلقہ مالکان اور قابضین کو نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ مقررہ مدت کے اندر خلاف ورزیاں دور نہ کرنے والوں کے خلاف انفورسمنٹ کارروائی عمل میں لائی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ انفورسمنٹ آپریشن کے دوران اب تک مجموعی طور پر 250,590,157 روپے، یعنی تقریباً 25 کروڑ 5 لاکھ 90 ہزار 157 روپے وصول کیے گئے ہیں۔ یہ رقوم اراضی کے استعمال کی تبدیلی کے چارجز، بغیر منظوری تعمیرات کے چارجز اور عمارتوں کی ڈی سیلنگ فیس کی مد میں وصول کی گئیں۔

مختلف کمرشل عمارتوں، پلازوں، ہسپتالوں، میرج ہالز اور دیگر املاک سے یہ ادائیگیاں موصول ہوئیں۔مزید برآں متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت اراضی کے استعمال کی تبدیلی، غیر قانونی تعمیرات اور سیٹ بیک، فلور ایریا ریشو (FAR) اور کورڈ ایریا سے متعلق خلاف ورزیوں کی مد میں تقریباً 3 ارب روپے مزید واجب الادا ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ بلڈنگ کنٹرول ضوابط، اراضی کے استعمال سے متعلق قواعد اور فائر سیفٹی کے لازمی تقاضوں پر سختی، یکساں انداز اور بلا تعطل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی تعمیرات اور غیر منظور شدہ سرگرمیوں کو اسلام آباد کی منصوبہ بند ترقی، عوامی تحفظ اور شہر کی منظم توسیع میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔شہریوں اور مسافروں نے اسلام آباد بھر میں سی ڈی اے کی ترقیاتی اور انفورسمنٹ کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے سڑکوں کے نیٹ ورک میں بہتری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ٹریفک مینجمنٹ، شہر کی خوبصورتی اور بلڈنگ ریگولیشنز پر موثر عمل درآمد کے اقدامات کا خیرمقدم کیا۔ شہریوں کے مطابق یہ اقدامات سفری سہولیات میں بہتری، عوامی تحفظ میں اضافے اور اسلام آباد کو ایک جدید، صاف ستھرا، قابلِ رسائی اور منظم دارالحکومت بنانے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے گی، تعمیراتی معیار کو برقرار رکھا جائے گا، منصوبہ بندی اور بلڈنگ کنٹرول ضوابط پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور اسلام آباد کے شہریوں کو جدید انفراسٹرکچر اور بہتر عوامی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔