رانی کھیت مرغیوںکی مہلک بیماری، علامات کی صورت میں فوری جانوروں کے ہسپتال میں رابطہ کریں، ڈاکٹر محمد افضل

رانی کھیت مرغیوں کی ایک مہلک بیماری ہے،بیماری کی علامات کی صورت میں فوری قریبی جانوروں کے ہسپتال میں رابطہ کریں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال ڈاکٹرمحمد افضل نے پیر کو اپنے پیغام میں کیا

سیالکوٹ ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):رانی کھیت مرغیوں کی ایک مہلک بیماری ہے،بیماری کی علامات کی صورت میں فوری قریبی جانوروں کے ہسپتال میں رابطہ کریں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال ڈاکٹرمحمد افضل نے پیر کو اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ رانی کھیت مرغیوں کی ایک مہلک بیماری ہے،اس بیماری سے پرندے خصوصاً مرغیوں میں سانس لینے میں مشکل اور گھرگھراہٹ پیدا ہوجاتی ہے،گردن مڑ جاتی ہے ،ٹانگوں کا فالج ہوجاتا ہے، سبز رنگ کے دست آنا شروع ہوجاتے ہیں اور انڈے کم اور چھوٹے دینا شروع کردیتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس بیماری کا پھیلائو جانوروں میں بذریعہ کھانسی، خوراک، ہوا ،چھینک اور پانی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیماری سے بچائو کیلئے پرندوں کو بروقت حفاظتی ٹیکہ جات لگوائیں جس میں ایک ہفتے کے بچوں کو لاسوٹا ویکسین،21 سے 18 دن کے بچے کوبوسٹرڈوز ،45 دن کے بچے کو دوبارہ بوسٹر ڈوز اور پھر 3 ماہ بعد بوسٹر ڈوز کروائیں۔انہوں نے کہا کہ رانی کھیت کی بیماری سے بچائوں کیلئے وائرس کا کوئی خاص علاج نہیں لیکن پرندے کو گرمائش دیں، پرندے کو گلوکوز ملا پانی پلائیں اور ملٹی وٹامن دیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ بیماری کی علامات کی صورت میں فوری اپنے قریبی جانوروں کے ہسپتال میں رابطہ کریں۔