سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس فیسلیٹیشن ڈیسک کا افتتاح

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی ہدایت پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس فیسلیٹیشن ڈیسک کا باقاعدہ افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز اینڈ انفورسمنٹ) صولت حیات وٹو نے کر دیا۔ اس موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خاور حسین سپال اور چیمبر کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے

سیالکوٹ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی ہدایت پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس فیسلیٹیشن ڈیسک کا باقاعدہ افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز اینڈ انفورسمنٹ) صولت حیات وٹو نے کر دیا۔ اس موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خاور حسین سپال اور چیمبر کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

بزنس فیسلیٹیشن ڈیسک کے قیام کا مقصد سیالکوٹ کی کاروباری برادری کو سرکاری محکموں سے متعلق امور میں مؤثر معاونت فراہم کرنا، مسائل کے حل کے لئے رابطہ کاری کو آسان بنانا اور شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے میں مدد دینا ہے۔ ڈیسک کاروباری افراد کو متعلقہ صوبائی محکموں سے رابطے، ضروری اجازت ناموں اور دیگر کاروباری امور میں رہنمائی فراہم کرنے کے لئے ایک مؤثر رابطہ مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے گزشتہ جمعہ کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور کاروبار دوست ماحول کے فروغ کے لیے اس ڈیسک کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

اعلان کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز اینڈ انفورسمنٹ) صولت حیات وٹو انتظامیہ اور کاروباری برادری کے درمیان رابطے کے لئے فوکل پرسن ہوں گے، جبکہ متعلقہ عملے کی تعیناتی کے ذریعے سہولت کاری کے عمل کو مؤثر بنایا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کا مقصد سیالکوٹ کی صنعتی و تجارتی برادری کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھتے ہوئے کاروباری مسائل کے حل، سرکاری خدمات تک آسان رسائی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ بزنس فیسلیٹیشن ڈیسک اس سلسلے میں انتظامیہ اور چیمبر آف کامرس کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔