فیصل آباد چیمبراور بزنس کمیونٹی کی مالی معاونت سے خراب فائر ٹینڈرز درست کر کے ریسکیو 1122 کے حوالے کر دیے گئے

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور بزنس کمیونٹی کی مالی معاونت سے 6 خراب فائر ٹینڈرز میں سے تین درست کر کے ریسکیو 1122 کے حوالے کر دیے گئے ہیں جبکہ باقی تین زیر مرمت ہیں اور اُن کو بھی بہت جلد انتظامیہ کے سپرد کر دیا جائے گا

فیصل آباد۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور بزنس کمیونٹی کی مالی معاونت سے 6 خراب فائر ٹینڈرز میں سے تین درست کر کے ریسکیو 1122 کے حوالے کر دیے گئے ہیں جبکہ باقی تین زیر مرمت ہیں اور اُن کو بھی بہت جلد انتظامیہ کے سپرد کر دیا جائے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عارف احسان ملک اور فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کے رہنما میاں محمد ادریس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے شہریوں کے تحفظ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مقامی کاروباری برادری نے ایک بار پھر اہم شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اپنا بھر پور اور منفرد کردار ادا کیا ہے جبکہ بزنس کمیونٹی اس سے قبل شہر میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں بھی گرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔صدر چیمبرعارف احسان ملک نے کہا کہ معروف صنعتکار اور نیشنل گروپ کے سربراہ میاں محمد ادریس نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مل کر ریسکیو 1122 کے خراب اور غیر فعال فائر ٹینڈرز کی مرمت اور مکمل بحالی کے منصوبے کی کامیاب تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔مکمل طور پر بحال کی گئی یہ قیمتی اور زندگی بچانے والی گاڑیاں باقاعدہ طور پرڈویژنل کمشنر عمران حامد شیخ کے ذریعے ریسکیو 1122 کے حوالے کر دی گئی ہیں، جس سے فیصل آباد میں آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت اور رسپانس نظام مزید مؤثر ہو گیا ہے۔

اس موقع پر کمشنر فیصل آباد ڈویژن نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بحال کئے گئے فائر ٹینڈرز سے ضلع کی ہنگامی حالات سے نمٹنے کی آپریشنل صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور کسی بھی حادثے یا آتش زدگی کی صورت میں رسپانس ٹائم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشترکہ اقدام اس امر کی روشن مثال ہے کہ اگر فعال اور ذمہ دار کاروباری برادری سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے تو شہری سہولیات اور عوامی تحفظ کے اہداف مؤثر انداز میں حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری صنعتی ترقی، برآمدات اور روزگار کے مواقع پیدا کرکے پاکستان کی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے تاہم فیصل آباد چیمبر کی قیادت کا پختہ یقین ہے کہ معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ شہریوں کی فلاح و بہبود اور سماجی ذمہ داری بھی کاروباری برادری کا ایک اہم فرض ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بزنس کمیونٹی شہر میں کئی معیاری طبی اور تعلیمی ادارے چلا رہی ہے جبکہ شہر کے پسماندہ علاقوں میں 200 سے زائد فری ڈسپنسریاں بھی قائم کی گئی ہیں۔ صدر فیصل آباد چیمبرنے کہا کہ حقیقی شہری ترقی کے لیے مضبوط حفاظتی نظام اور قابلِ اعتماد ہنگامی خدمات ناگزیر ہیں۔ فائر ٹینڈرز کی بحالی کے ذریعے کاروباری برادری نے شہریوں کی ایک اہم ضرورت کو براہِ راست پورا کیا ہے، جس سے ریسکیو اہلکاروں کو صنعتی علاقوں، تجارتی مراکز اور رہائشی آبادیوں میں آتش زدگی اور دیگر ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ضروری سہولیات میسر آئیں گی۔

میاں محمد ادریس، گروپ ہیڈ نے کمیونٹی کی سطح پر فلاحی اقدامات اور سرکاری ہنگامی اداروں و نجی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون کے دیرپا اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری رہنماؤں کے لیے شہری اداروں کی معاونت کرنا اخلاقی ذمہ داری ہے، ہمارا مقصد یہ ہے کہ فیصل آباد کے شہری، پُرامن اور محفوظ ماحول میں زندگی گزارنے اور کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کے قابل ہوں۔