وزارت تجارت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں غیر معمولی اضافے سے متعلق ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ میں اعداد و شمار کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران متعلقہ سکیموں کے تحت گاڑیوں کی درآمد گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 55 فیصد کم رہی۔
وزارت تجارت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں غیر معمولی اضافے سے متعلق ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں اعداد و شمار کو مسترد کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وزارت تجارت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں غیر معمولی اضافے سے متعلق ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ میں اعداد و شمار کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران متعلقہ سکیموں کے تحت گاڑیوں کی درآمد گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 55 فیصد کم رہی۔وزارت تجارت سے جاری وضاحت کے مطابق ستمبر 2026 میں متعلقہ سکیموں کے تحت مجموعی طور پر 2,095 گاڑیاں درآمد کی گئیں جن میں 2,047 گاڑیاں تحفہ سکیم، 47 منسوخ شدہ ذاتی سامان سکیم اور ایک گاڑی رہائش کی منتقلی سکیم کے تحت درآمد ہوئی۔ رپورٹ میں تحفہ سکیم کے تحت 2,276 گاڑیوں کی درآمد کا دعویٰ درست نہیں۔
وزارت کے مطابق جون 2026 میں گاڑیوں کی درآمد کے اعداد و شمار بھی رپورٹ میں غلط بیان کئے گئے۔ رپورٹ میں 843 گاڑیوں کی درآمد ظاہر کی گئی جن میں 806 تحفہ سکیم کے تحت تھیں جبکہ اصل تعداد صرف 90 تھی۔ ان میں 62 گاڑیاں تحفہ سکیم، 25 ذاتی سامان سکیم اور تین گاڑیاں رہائش کی منتقلی سکیم کے تحت درآمد کی گئیں۔وزارت تجارت نے واضح کیا کہ جنوری تا ستمبر 2026 کے دوران ان سکیموں کے تحت مجموعی طور پر 16,651 گاڑیاں درآمد ہوئیں جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ تعداد 37,035 تھی جو درآمدات میں نمایاں کمی کی عکاسی کرتی ہے۔وزارت نے تحفہ سکیم کے تحت درآمد شدہ گاڑیوں کی ملکیت ایک سال تک منتقل نہ کرنے کی پابندی پر عملدرآمد سے متعلق خدشات کے جواب میں کہا کہ اس حوالے سے وفاقی محصولات بورڈ، پاکستان کسٹمز اور صوبائی گاڑیوں کے رجسٹریشن حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے، عملدرآمد میں کسی بھی کوتاہی کا معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ مناسب سطح پر اٹھایا جاتا ہے۔
وضاحت میں کہا گیا کہ درآمدی سکیموں کے غلط استعمال کی روک تھام کے لئے حکومت نے جنوری 2026 میں ذاتی سامان سکیم ختم کر دی تھی۔ اس کے بعد کے مہینوں میں اس زمرے کے تحت ظاہر ہونے والی گاڑیاں پہلے سے اہل درآمدی کھیپوں کی کلیئرنس کا نتیجہ ہیں۔وزارت تجارت کے مطابق دیگر حفاظتی اقدامات میں تحفہ سکیم کے تحت درآمد شدہ گاڑیوں کی ایک سال تک ملکیت منتقل نہ کرنے کی شرط، بیرون ملک قیام کی مقررہ مدت 700 دن سے بڑھا کر 850 دن کرنا اور رہائش کی منتقلی سکیم کے تحت گاڑی صرف متعلقہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کے ملکِ رہائش سے درآمد کرنے کی شرط شامل ہیں۔وزارت تجارت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت درآمدی سکیموں کے غلط استعمال کی روک تھام اور متعلقہ پالیسی ضوابط پر سخت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔








