اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی ’’پری ڈیپارچر سکریننگ‘‘ سہولت قائم، آف لوڈنگ کے واقعات میں کمی لانے کا اقدام

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کی بروقت جانچ پڑتال کے لیے ’’پری ڈیپارچر سکریننگ‘‘ سہولت قائم کر دی ہے

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کی بروقت جانچ پڑتال کے لیے ’’پری ڈیپارچر سکریننگ‘‘ سہولت قائم کر دی ہے۔ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق ادارے نے ہوائی اڈے پر مسافروں کی باضابطہ سکریننگ کے لیے خصوصی جگہ فراہم کر دی ہے، جس سے مسافروں کی سفری دستاویزات اور تصدیقی عمل کو پرواز سے قبل ہی مکمل کیا جا سکے گا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد بروقت سکریننگ اور تصدیق کو یقینی بنا کر آخری لمحات میں مسافروں کی آف لوڈنگ کے ناخوشگوار واقعات میں واضح کمی لانا ہے۔نئی سہولت کی افتتاحی تقریب میں چیف آپریٹنگ آفیسر / ایئرپورٹ منیجر (سی او او / اے پی ایم)، ڈپٹی اے پی ایم، ٹرمینل منیجر (ڈیپارچرز) کے علاوہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور امیگریشن ٹیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔حکام کے مطابق اس مشترکہ کاوش سے امیگریشن اور کلیئرنس کے نظام میں شفافیت آئے گی اور مسافروں کے وقت کے ضیاع اور سفری دشواریوں کا موثر سدباب ممکن ہو سکے گا۔