وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے منگل کو سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسرسلطان عبدالرحمٰن المرشد سے ملاقات کی
وزیرِ خزانہ کی سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو سے ملاقات، تجارت اور ترقیاتی تعاون پر تبادلۂ خیال

مزید خبریں
بنکاک۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے منگل کو سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسرسلطان عبدالرحمٰن المرشد سے ملاقات کی۔ وزیرِ خزانہ نے سعودی عرب میں حالیہ واقعات کے دوران قیمتی جانوں کے ضیا ع پر تعزیت کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی دیرینہ معاونت پر شکریہ ادا کیا۔یہ ملاقات تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر ہوئی ۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتِ حال اور بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس تک دوبارہ رسائی سے متعلق امور پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، نجی شعبے کی شمولیت مضبوط بنانے، دوطرفہ سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے پر پیش رفت اور آئل ریفائنریوں کی بہتری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔فریقین نے سعودی فنڈ برائے ترقی کے تعاون سے جاری منصوبوں پر پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیا اور نئے منصوبوں کی ایک جامع فہرست تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ سعودی فنڈ برائے ترقی کے سی ای اونے فنڈ کے دائرہ کار کے اندر پاکستان کی مسلسل معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔








