وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے ریکوڈک منصوبے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے منصوبے کی مالی معاونت میں بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے قائدانہ کردار کو سراہا ہے
وزیرِ خزانہ کی آئی ایف سی کے علاقائی نائب صدر سے ملاقات، نجی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
بنکاک۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے ریکوڈک منصوبے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے منصوبے کی مالی معاونت میں بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے قائدانہ کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے علاقائی نائب صدر عماد فخوری سے ملاقات کے دوران کہی۔ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع کے فروغ کے لیے آئی ایف سی کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور معاشی استحکام کو پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ملاقات میں آئی ایف سی کے بڑھتے ہوئے منصوبوں، چھوٹے کاروبار کے لیے مالی معاونت، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، کیپیٹل مارکیٹس اور گرین و ڈیجیٹل بانڈز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے ریکوڈک منصوبے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اس منصوبے کی مالی معاونت میں آئی ایف سی کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ ملاقات میں معدنی وسائل سے متعلق بنیادی ڈھانچے اور ان کی مقامی سطح پر قدر میں اضافے، سستے مکانات اور ڈویلپرز کے لیے مالی معاونت، نیز بہتر ذخیرہ کاری، کولڈ چینز اور الیکٹرانک گودام رسیدوں کی بنیاد پر مالی سہولتوں کے ذریعے زرعی ترقی پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فریقین نے لائیو سٹاک کے شعبے میں نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے اور ضابطہ جاتی معیار بہتر بنا کر سرمایہ کاری اور ادویات کی برآمدات کو فروغ دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا ۔علاوہ ازیں بنیادی ڈھانچے میں تعاون کے تحت پانی کے شعبے میں سرکاری و نجی شراکت داری، بجلی کی جدید میٹرنگ اور صوبائی منصوبوں کے لیے مالی معاونت کے مختلف طریقۂ کار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔








