وفاقی وزیر داخلہ اور یورپی یونین کے کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات، غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے یورپی یونین کے کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر نے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات کیے گئے

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے یورپی یونین کے کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر نے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات کیے گئے۔وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں قانونی امیگریشن کے فروغ، بارڈر مینجمنٹ اور غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یورپین کمشنر میگنس برنر نے غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ٹھوس اقدامات کے نتیجے میں یورپ کی جانب غیر قانونی مائیگریشن میں 64 فیصد تک نمایا ں کمی واقع ہوئی ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود ایف آئی اے (FIA) کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی تعریف کی اور واضح کیا کہ غیر قانونی مائیگریشن میں کمی سے پاکستانیوں کے لیے قانونی مائیگریشن کے نئے راستے کھلیں گے۔ انہوں نے اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف "زیرو ٹالرنس” پالیسی نافذ العمل ہے ۔ 64 فیصد کمی کے بعد اب ہمارا اگلا ہدف اس کا 100 فیصد خاتمہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ غیر قانونی مائیگریشن ایک سنجیدہ عالمی مسئلہ ہے اور اس کے مکمل سدباب کے لیے پاکستان اور یورپی یونین کو باہمی اشتراک سے کام کرنا ہوگا۔مذاکرات کے دوران دونوں رہنماؤں نے بارڈر سکیورٹی کو مؤثر بنانے، قانونی امیگریشن کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کے لیے یورپ میں مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ غیر قانونی مائیگریشن کے خاتمے کے لیے یورپی یونین کے "ایسٹرن کوریڈور انیشی ایٹو” پر مل کر کام کرنے اور پاکستان کوسٹ گارڈز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری داخلہ، سپیشل و ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے.

مزید خبریں