روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد پولیس لائنز اور شکرپڑیاں میں واقع پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا۔
روسی وزیر داخلہ کا دورہ اسلام آباد پولیس لائنز ، شہداء کو خراجِ عقیدت، قومی پرچم کو بوسہ دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد پولیس لائنز اور شکرپڑیاں میں واقع پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا۔پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز آمد پر روسی وزیر داخلہ کو خصوصی دستوں نے سلامی پیش کی جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد پولیس کی شاندار پریڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور روس کے قومی ترانے بجائے گئے، دورے کے دوران معزز مہمان کو پاکستانی پرچم پیش کیا گیا جسے روسی وزیر داخلہ نے احتراماً بوسہ دیا۔ ولادیمیر کولاکولتسیف نے اسلام آباد پولیس کے جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور چاق و چوبند انداز کو سراہتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سہیل چوہدری، ڈی آئی جیز اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی شریک تھے۔بعد ازاں روسی وزیر داخلہ نے وزیر مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا جہاں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی )کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ روسی وزیر داخلہ نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر وطن پر جان نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔دورے کے دوران روسی وزیر داخلہ نے شکرپڑیاں کے مقام سے وفاقی دارالحکومت اور مارگلہ کے دلکش پہاڑی سلسلے کا مشاہدہ کیا اور اسلام آباد کے قدرتی حسن و دلکشی کی دل کھول کر تعریف کی








