چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی حوثی حملوں کی شدید مذمت، شہید بنگلہ دیشی عمرہ زائر کے اہلِخانہ سے تعزیت ،سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی
چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی حوثی حملوں کی شدید مذمت، شہید بنگلہ دیشی عمرہ زائر کے اہلِخانہ سے تعزیت ،سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے حوثی دہشت گردوں کے حملے میں حالتِ احرام میں شہید ہونے والے بنگلہ دیشی عمرہ زائر مفتی نصر اللہ کے لواحقین سے گہرے دکھ، تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریاض کے مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج زخمی عمرہ زائرین سے رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔
انہوں نے حوثیوں کے دہشت گردانہ حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے مہمانوں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا سفاکیت اور اسلامی تعلیمات و انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے، ایسے وحشیانہ جرائم کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا، حرمین شریفین، زائرین اور مملکت سعودی عرب کی سلامتی کے لئے ہم سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بنگلہ دیش کے مرکزِ اسلامی کے سربراہ مفتی حمزہ شہید الاسلام کو ہدایت کی کہ زخمی زائرین کی حالت اور شہید مفتی نصر اللہ سے متعلق امور سے انہیں مسلسل آگاہ رکھیں اور متاثرہ زائرین و اہلِ خانہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید مفتی نصر اللہ کے درجات بلند فرمائے، اہلِخانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے، تمام زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور حرمین شریفین، مملکت سعودی عرب اور پوری امتِ مسلمہ کو ہر شر اور فتنے سے محفوظ رکھے۔








