نائب وزیراعظم کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ، صوبوں کی طلب کے مطابق گندم کی درآمد کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے صوبوں کی طلب کے مطابق گندم کی درآمد کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے اختتام سے قبل کراچی پہنچ جائے گی

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے صوبوں کی طلب کے مطابق گندم کی درآمد کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے اختتام سے قبل کراچی پہنچ جائے گی۔

منگل کو نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت غذائی سال 27 ۔ 2026 کے لئے گندم کی درآمد سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے گندم کی درآمد پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ صوبوں کی طلب کے مطابق گندم کی وافر فراہمی کے انتظامات کر لئے گئے ہیں اور گندم کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے اختتام سے قبل کراچی پہنچنے کا شیڈول ہے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ درآمد شدہ گندم کے ذخائر اور پاسکو کی جانب سے صوبوں کو پہلے ہی مختص کردہ گندم کو قیمتوں میں استحکام لانے کے لئے استعمال کیا جائے تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وفاقی وزیر برائے تجارت، معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق، متعلقہ صوبائی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ فریقین نے شرکت کی۔