آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر)محمد سہیل چوہدری کی زیر صدارت سینئر افسران اور برانچ انچارجز کا اجلاس منعقد ہوا ، انہوں نے تھانوں کی اپ گریڈیشن، دفتری امور میں بہتری اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات کیں
آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیر صدارت سینئر افسران اور برانچ انچارجز کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر)محمد سہیل چوہدری کی زیر صدارت سینئر افسران اور برانچ انچارجز کا اجلاس منعقد ہوا ، انہوں نے تھانوں کی اپ گریڈیشن، دفتری امور میں بہتری اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات کیں جبکہ کھیلوں کے میدان میں اسلام آباد پولیس کا نام روشن کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی، تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے سنٹرل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا۔ پولیس افسران کے سروس اور ذاتی مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام تھانوں کی SIPS پروٹوکولز کے تحت تزئین و آرائش، جاری تعمیراتی منصوبوں پر پیشرفت اور تھانوں میں شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور تھانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا، سازگار اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔دریں اثنا اجلاس میں مختلف برانچز کی کارکردگی، دفتری امور میں بہتری اور جاری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دفتری امور مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں، کارکردگی کو مزید موثر بنایا جائے اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور عوامی خدمت کے معیار میں بہتری لائی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ جاتی امور میں بہتری، شفافیت اور پیشہ وارانہ کارکردگی کو مزید فروغ دیا جائے گا۔مزید برآں آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے پاکستان بال اینڈ ڈیک ہاکی ٹیم کے کوچ اور اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل محمد یوسف اور سپورٹس آفیسر اے ایس آئی شاہد حسین کو سنٹرل پولیس آفس مدعو کیا اور کھیلوں کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے دونوں اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے ایسے اہلکار ادارے کے لیے باعثِ فخر ہیں جو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور انہیں مزید محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ترغیب دی جائے گی۔اسی سلسلے میں آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سنٹرل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا، جہاں پولیس افسران و جوانوں کے سروس سے متعلق اور ذاتی نوعیت کے مسائل براہِ راست سنے۔
انہوں نے متعلقہ درخواستوں اور معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ پولیس افسران و جوانوں کے جائز مسائل کو میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت حل کیا جائے اور محکمانہ معاملات کو بلاوجہ التوا کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تھانوں میں جدید سہولیات کی فراہمی، دفتری امور میں بہتری، اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی اسلام آباد پولیس کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں موثر پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پیشہ وارانہ مہارت، احساسِ ذمہ داری اور بھرپور لگن کے ساتھ انجام دیں۔








