رحمان بابا ایکسپریس حادثے کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، وفاقی وزیر ریلوے

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ رحمان بابا ایکسپریس ٹرین حادثے میں ایک کمسن بچی سمیت چار افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ 30 کے قریب افراد زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے

ملتان۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ رحمان بابا ایکسپریس ٹرین حادثے میں ایک کمسن بچی سمیت چار افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ 30 کے قریب افراد زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور جو بھی ذمہ دار پایا گیا، اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ متاثرین کی مالی امداد بھی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، اس نقصان کا کوئی متبادل نہیں۔ ہم بھی بچوں والے ہیں اور کسی خاندان کے پیاروں کا بچھڑ جانا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ حادثہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حادثے کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے، جو بھی اس واقعے میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے ٹریک، ٹرینوں کی دیکھ بھال اور مکینیکل نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، طویل فاصلے کا سفر کرنے والی ٹرینوں کو خصوصی طور پر بہتری کے اقدامات میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کوچز کی بہتری پر بھی کام جاری ہے اور آئندہ ایسی کوچز متعارف کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے جن کے کپ اور دیگر متعلقہ حصے زیادہ مضبوط ہوں اور حادثات کی صورت میں نقصان کے خدشات کم ہوں۔وفاقی وزیر ریلوے نے حادثے کے بعد امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پاکستان ریلوے، پاک فوج کے جوانوں اور ریسکیو اہلکاروں نے بھرپور کردار ادا کیا۔